راجندر نگر میں ناکہ بندی اور پولیس کے اچانک دھاوے

غیر سماجی عناصر کے خلاف مہم ،گھروں کی تلاشی ،14 گرفتار،65 موٹر سیکلیں،15 آٹوز ضبط
حیدرآباد۔23نومبر ( سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے اور بین ریاستی و مقامی غیرسماجی افراد کے خلاف کارروائی ہنوز جاری رکھے ہوئے ہیں اور وقفہ وقفہ سے مختلف علاقوں میں اچانک دھاوے کئے جارہے ہیں ۔ شمس آباد زون پولیس نے رات کے آخری پہر راجندر نگر علاقہ حسن نگر میں اچانک تلاشی مہم و محاصرہ کیا جس میں کئی گاڑیوں کو ضبط کرلیا گیا اور کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد زون مسٹر کے رمیش نائیڈو کی قیادت میں دو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنران ‘ تین اسسٹنٹ کمشنران ‘ تین انسپکٹران ‘ 44سب انسپکٹران ‘ 11اسسٹنٹ سب انسپکٹران جملہ 360پولیس عملہ کی ٹیم نے اچانک حسن نگر کا محاصرہ کرلیا اور بڑے پیمانے پر تلاشی مہم کی گئی ۔ اس آپریشن میں گھر گھر تلاشی لی گئی جس میں پولیس کو بدنام زمانہ جیب کترے 22سالہ محمد منیر ‘ 19سالہ محمد محسن ‘ روڈی شیٹر شیخ مستان ‘ سزا یافتہ مجرم محمد یونس اور 14مشتبہ افراد کو حراست میںلے لیا گیا ۔ بعض افراد کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ بھی زیرالتوا بتائے گئے ہیں ۔ پولیس نے اس تلاشی مہم کے دوران 65 موٹر سیکلس اور 15آٹوز ضبط کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سائبرآباد پولیس نے حسن نگر علاقہ میں موجود بعض مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر یہ اچانک کارروائی کی ۔ پولیس نے بتایا کہ سائبرآباد کے مضافاتی علاقوں میں مہاراشٹرا کے بدنام زمانہ ایرانی ٹولی ‘ماؤسٹ اور دیگر مجرم پیشہ افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
اور عوام میں احسا س تحفظ پیدا کرنے کیلئے پولیس بڑے پیمانے پر اچانک تلاشی مہم کررہی ہے ۔