راجندر نگر میں سنسنی خیز رہزنی ، ایک شخص کا قتل

لاکھوں روپئے نقد رقم و زیورات لوٹ لیے گئے ۔ پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ /17 اگست (سیاست نیوز) راجندر نگر علاقے میں آج صبح پیش آئی سنسنی خیز رہزنی کی واردات میں معمر جوڑے کے مکان پر حملہ کرکے لاکھوں روپئے نقد رقم و طلائی زیورات لوٹتے ہوئے شوہر کا قتل کردیا ۔ تفصیلات کے بموجب یہ واقعہ راجندر نگر کے علاقے حیدر گوڑہ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا ۔ نامعلوم رہزنوں نے راجندر کمار اگروال اور تارامنی کے مکان میں باورچی خانہ کی کھڑکی سے داخل ہوکر معمر میاں بیوی کو رسی سے باندھ دیا جس کے نتیجہ میں وہ مدد کیلئے چیخ و پکار کرنے لگے ۔ اسی دوران رہزنوں نے راجندر اگروال پر مسلسل حملہ کرتے ہوئے اسے شدید زخمی کردیا ۔ اس واردات میں رہزنوں نے مکان میں موجود 50 لاکھ نقد رقم اور 50 تولے طلائی زیورات کا سرقہ کرکے وہاں سے فرار ہوگئے ۔ شدید زخمی حالت میں اگروال کو مقامی عوام نے دواخانہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ راجندر اگروال کی بیوی تارامنی بھی رہزنوں کے حملے میں شدید زخمی ہوگئی اور اسے علاج کیلئے دواخانہ میں شریک کیا گیا ۔ اس واردات کے بعد کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر وی سی سجنار نے وہاں کا معائنہ کیا اور تفصیلات حاصل کیں ۔ راجندر نگر پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرتے ہوئے رہزنوں کی شناخت کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ موقع واردات پر سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا تھا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔