حیدرآباد /19 فروری ( سیاست نیوز ) راجندر نگر کے علاقہ میں ایک شخص پر سارق ہونے کا شبہ کرتے ہوئے قتل کردیا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 35 سالہ اروند جو پیشہ سے لیبر تھا دودھ باؤلی علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ اروند نشہ کی حالت میں کل رات دیر گئے راجندر نگر کے علاقہ میں واقعہ پٹیل اینڈ کمپنی کے قریب سے گذر رہا تھا کہ دو افراد نے اس کو پکڑ لیا اور ایک کھمبے سے باندھ دیا اور اس کی خوب پٹائی کردی اور اس کے ہاتھ پیر باندھ دئے ۔ انسپکٹر راجندر نگر مسٹر کوشالکر نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ سارق ہونے کے شبہ پر اروند کو شدید مارپیٹ کا نشانہ بنایا گیا ۔ جس کے سبب وہ فوت ہوگیا ۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔
دسویں میں ناکامی کا خوف طالب علم کی خودکشی
حیدرآباد /19 فروری ( سیاست نیوز ) دسویں جماعت میں ناکامی کے خوف سے دلبرداشتہ ایک طالب علم نے خودکشی کرلی ۔ یہ دلسوز واقعہ لنگر حوض پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 17 سالہ محمد اطہر نے کل رات اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ اطہر 10 ویں جماعت کا طالب علم تھا جو لنگر حوض علاقہ کے ساکن محمد الیاس کا بیٹا تھا ۔ دسویں جماعت کے امتحانات کے قریب آنے سے وہ اپنی کامیابی کو لیکر پریشان ہوگیا اور ذہنی تناؤ کے عالم میں اس نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس لنگر حوض ذرائع نے یہ بات بتائی اور مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔