راجندرنگر میں دوہرے قتل کی واردات

حیدرآباد۔ 12؍ جنوری ( سیاست نیوز) راجندرنگر پولیس اسٹیشن حدود میں دوہرے قتل کی واردات پیش آئی ۔ پولیس کے بموجب 30 سالہ ایم ملیش یادو اور 28 سالہ لنگالہ نندو ساکن مانک اما راجندرنگر جو آپس میں دوست تھے کا کل رات مانسا ہلز کے قریب اس وقت قتل کر دیا گیا جب وہ مہ نوشی کر رہے تھے ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ نندو کے رشتہ دار اس قتل میں ملوث ہوسکتے ہیں ۔

بتایا جاتا ہے کہ نندو نے سال 2007 میں اپنے قریبی رشتہ دار ہری کرشنا کے خلاف ایک مقدمہ دائر کیا تھا ۔ اس سلسلہ میں نندو اور اس کے رشتہ داروں میں تنازعہ چل رہا تھا ‘ انسپکٹر راجندر نگر مسٹر سی ایچ کشالکر نے بتایا کہ دوہرے قتل میں ملوث افراد کی نشاندہی کی گئی ہے اور انہیں عنقریب گرفتار کرلیا جائیگا ۔ ملیش اور نندو کے نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ میں منتقل کیا گیا ۔