مانیسر ( ہریانہ ) ۔ 16 ۔ اکٹوبر : (سیاست ڈاٹ کام ) : شمال مشرق سے تعلق رکھنے والے تین طلباء پر بنگلور میں ہوئے حملہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وہ اس معاملہ کو حکومت کرناٹک سے رجوع کریں گے تاکہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے ۔ ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر یہاں کا دورہ کرنے والے راج ناتھ سنگھ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعلی کرناٹک سے اس سلسلہ میں بات کریں گے کیوں کہ خاطیوںکے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔ ملک میں کسی کو بھی ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر امتیازی رویہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ کل رات بنگلور شہر کے ایک علاقہ میں شمال مشرقی علاقوں سے تعلق رکھنے والے تین طلباء کو کنڑی زبان نہ بولنے پر مبینہ طور پر زد و کوب کیا گیا تھا ۔ دریں اثناء ایک متاثرہ طالب علم مائیکل نے بتایا کہ یہ واقعہ ایک دھابہ میں رونما ہوا جہاں وہ اپنے دو دوستوں کے ساتھ کھانے کے لیے گیا تھا ۔ اپنی میز پر وہ کسی پروگرام کے بارے میں بات چیت کررہے تھے کہ اچانک تین افراد وہاں پہنچے اور کہنے لگے کہ آپ لوگ کرناٹک می رہتے ہیں تو آپ لوگ کنڑی زبان بھی بولئیے ۔ اگر نہیں بول سکتے تو فوری ریاست سے چلے جائیے جس کے بعد انہوں نے اچانک حملہ کردیا ۔ مائیکل نے کہا کہ اپنے دو دوستوں کو بچانے میں وہ شدید طور پر زخمی ہوگیا ۔ آخری اطلاعات ملنے تک تینوں حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا ۔۔