نئی دہلی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے نوجوانوں کے شعبہ کے کارکنوں کے راہول گاندھی کی قیامگاہ کے روبرو احتجاج کے ایک دن بعد کانگریس کے طلباء شعبہ کی تنظیم این ایس یو آئی کے کارکنوں نے آج صدر بی جے پی راجناتھ سنگھ کی قیامگاہ کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا۔ وہ بی جے پی پر کرپشن کے الزامات عائد کررہے تھے۔ یوتھ کانگریس اور این ایس یو کے کارکنوں پر دہلی پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور چند کارکنوں کو حراست میں لے لیا جو راجناتھ سنگھ کی سرکاری قیامگاہ کی سمت احتجاجی جلوس لے کر جارہے تھے۔ احتجاجیوں کا دعویٰ ہے کہ خود بی جے پی کرپشن میں ملوث ہے، اُسے دوسروں پر الزام عائد کرنے سے پہلے خود اپنی صفائی پیش کرنی چاہئے۔ بی جے پی کے نوجوانوں کے قومی شعبہ کے صدر انوراگ ٹھاکر کی زیرقیادت کارکنوں نے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کی قیامگاہ کے روبرو احتجاج کرتے ہوئے اُن سے چیف منسٹر ہماچل پردیش ویر بھدر سنگھ پر عائد کرپشن کے الزامات کی وضاحت طلبی کی تھی۔ آج این ایس یو آئی اور کانگریس کے نوجوانوں کے شعبہ نے اپنے احتجاج کے دوران راجناتھ سنگھ سے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کیا۔