راجناتھ سنگھ کا دو روزہ دورۂ جموں و کشمیر

سری نگر۔3 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ چہارشنبہ کو جموں وکشمیر کے دو روزہ دورے پر آئیں گے ۔ وہ اس دوران ریاستی کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ جنوبی کشمیر میں سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گھپا میں شیو لنگم کا درشن بھی کریں گے ۔ یہ ریاست میں بی جے پی اور پی ڈی پی کی مخلوط حکومت گرنے کے بعد راجناتھ سنگھ کا پہلا ’دورۂ جموں وکشمیر‘ہوگا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ امرناتھ گھپا میں شیولنگم کے درشن کرنے کے علاوہ وادی میں دو ماہ تک جاری رہنے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ بھی لیں گے ۔ وہ ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ میں ریاست کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔28 جون کو شروع ہوچکی سالانہ امرناتھ یاترا 26اگست کو رکھشا بندھن کے تہوار کے موقع پر خصوصی پوجا کے ساتھ اختتام پزیر ہوگی۔ دریں اثنا وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے دورہ ریاست کے پیش نظر وادی میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ وزیر داخلہ نے اس سے قبل 7 جون کو ریاست کا دورہ کیاتھا۔