راجستھان کے دو لوک سبھا اور ایک اسمبلی نشست کیلئے رائے دہی

جئے پور 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ریاست راجستھان میں دو لوک سبھا حلقوں اور ایک حلقہ اسمبلی میں ضمنی چناؤ کے لئے رائے دہی منعقد ہوئی جس میں دوپہر تک 37 فیصد رائے دہندوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق حلقہ لوک سبھا اجمیر اور لوک سبھا حلقہ الور اور حلقہ اسمبلی منڈل گڑھ میں ضمنی انتخابات کا انعقاد عمل میں آیا۔ متعلقہ عہدیداروں کے مطابق حلقہ لوک سبھا الور میں 37.16 فیصد رائے دہی درج کی گئی جبکہ حلقہ لوک سبھا اجمیر میں 36.54 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ جبکہ حلقہ اسمبلی منڈل گڑھ میں 45.08 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ الور میں 1,987 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے تھے جہاں 18.27 لاکھ رائے دہندوں کے نام درج ہیں۔ جبکہ حلقہ لوک سبھا اجمیر میں 18.42 لاکھ ووٹروں کے نام درج رجسٹر ہیں اور یہاں پر 1,925 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے تھے۔ اسی طرح ضلع منڈل گڑھ میں 2.31 لاکھ ووٹرس موجود ہیں جن کے لئے 288 پولنگ بوتھس قائم کئے گئے تھے۔ تمام انتخابی مراکز پر ویب کیمرے نصب کئے گئے تھے۔