اندور، 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل 11 میں اپنے اپنے پچھلے مقابلے ہار کر اتوار کو یہاں مدمقابل ہونے والے راجستھان رائلز اور کنگز الیون پنجاب کی ٹیمیں جیت کی پٹری پر واپسی اور پلے آف کے لئے اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے ارادے سے میدان سنبھالیں گی۔ پلے آف کے لئے پنجاب کا موقف راجستھان سے کہیں بہتر ہے ۔پنجاب کل ممبئی کے مقابل ہارنے کے باوجود آٹھ میچوں میں پانچ جیت اور 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ راجستھان اتنے ہی میچوں میں تین جیت اور چھ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ راجستھان نے بھی اپنا پچھلا میچ دہلی ڈئیر ڈیولس سے دہلی میں بارش سے متاثرہ مسابقت میں محض 4 رنز سے گنوایا تھا۔ راجستھان کو کل کے مقابلے میں جیت کی اشد ضرورت ہے ۔ہارنے کی صورت میں اس کے لئے آگے کے حالات بہت مشکل ہو جائیں گے اور پھر اسے اپنے تمام باقی پانچ میچز جیتنے ہوں گے ۔یہ میچز جیتنے کے باوجود راجستھان کو دیگر میچوں میں سے کم از کم چار مقابلوں میں کے نتائج اپنے حق میں مثبت برآمد ہونے کی توقع رکھنی ہوگی۔