دہلی ڈیر ڈیولس وقار کی کامیابی کیلئے کوشاں
احمدآباد۔ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل ساتویں ایڈیشن میں دوسرے مرحلے میں رسائی سے محروم ہوچکی دہلی ڈیر ڈیولس ٹیم کل یہاں راجستھان کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے میں اپنے وقار کی کامیابی کیلئے کوشاں ہوگی، دوسری جانب شین واٹسن کی زیرقیادت راجستھان رائلس کی ٹیم ٹورنمنٹ کی سرفہرست چار ٹیموں میں اپنے مقام کو برقرار رکھنے کے لئے کامیابی حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہوگی کیونکہ سرفہرست چار ٹیمیں ٹورنمنٹ کے آئندہ مرحلے پلے آف میں رسائی کی اہل ہوں گی۔ ٹورنمنٹ کی ہندوستان واپسی کے بعد دہلی ڈیر ڈیولس کو پانچ مقابلے میں شکست ہوچکی ہے، اور اس طرح وہ ٹیموں کے جدول میں ناقص مظاہروں کے بعد آخری مقام پر پہونچ چکی ہے نیز پلے آف میں اس کی رسائی کے امکانات یقیناً ختم ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب راجستھان رائلس 12 نشانات کے ذریعہ ٹیموں کے جدول میں تیسرے مقام پر فائز ہے، تاہم وہ تن آسانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرفہرست چار ٹیموں سے اخراج کو برداشت کرنا نہیں چاہتی۔ ایک اور مقام کے لئے سن رائزرس حیدرآباد، رائل چیلنجر بنگلور اور کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے درمیان سخت مقابلہ موجود ہے
لیکن راجستھان رائلس کے لئے تیسرے مقام کی کسی سے مسابقت نہیں لیکن شین واٹسن کی زیرقیادت ٹیم اپنے اس مقام کو مزید مستحکم کرنے کی خواہاں ہے جس کے لئے اسے دہلی کے خلاف کل کھیلے جانے والے مقابلے میں کامیابی ضروری ہوگی۔ راجستھان رائلس ٹورنمنٹ کی وہ واحد ٹیم ہے جس نے مختلف کھلاڑیوں کے مظاہروں کے ذریعہ ایک سے زائد مرتبہ فتوحات حاصل کی ہیں۔ ٹیم نے کامیابی کیلئے کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کیا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ ٹیم کی کامیابی کے لئے اسی طرح ہر کھلاڑی اپنا تعاون دے گا۔ یہ بھی دلچسپ ہوگا کہ ٹیم کے کپتان شین واٹسن جنہوں نے گزشتہ مقابلے میں چینائی کے خلاف اننگز کا آغاز کیا تھا اور وہ نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے کامیاب بھی ہوئے ہیں تو کیا کل وہ دہلی کے خلاف بھی اننگز کا آغاز کریں گے۔ چینائی سوپر کنگس کے خلاف گزشتہ مقابلے میں انکت شرما بھی بیاٹ اور گیند دونوں سے کامیاب مظاہرہ کرچکے ہیں اور راجستھان رائلس یقینا یہی کرے گا کہ وہ سنجو سامسن کو مڈل آرڈر میں بیٹنگ کیلئے روانہ کرے گا،
کیونکہ مقابلے کے آغاز پر اگر وکٹوں کا جلد زوال ہوجائے تو سامسن مڈل آرڈر میں ٹیم کو استحکام کرسکتے ہیں۔ رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف کرشماتی اننگز کھیلنے کے بعد آسٹریلیائی کھلاڑیوں کی جوڑی جیمس فالکنر اور اسٹیو اِسمتھ گزشتہ مقابلے میں بہتر مظاہرہ نہیںکرپائے ہیں لیکن راجستھان رائلس کا ٹیم انتظامیہ اُمید کررہا ہے کہ آسٹریلیائی کھلاڑی بنگلور کے خلاف کئے گئے مظاہرہ کا ارادہ کریں گے۔ دریں اثناء اسمتھ ایک ایسے کھلاڑی ہیں جو تنہا اپنے بل بوتے پر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرسکتے ہیں، لیکن ضروری ہے کہ آسٹریلیائی نوجوان کھلاڑی کو اپنے مظاہروں میں استقلال کا ثبوت دینا ہوگا۔ دہلی کے لئے خصوصاً ٹورنمنٹ کے دوسرے مہنگے ترین کھلاڑی دنیش کارتک کے ناقص مظاہروں کا کافی نقصان ہوچکا ہے۔