دبئی ؍ ابوظہبی ۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں کل دبئی اور ابوظہبی میں دو مقابلے کھیلے جائیں گے۔ ابوظہبی میں راجستھان رائلس کا مقابلہ بنگلور رائل چینلجرس سے ہوگا جبکہ دبئی میں جو مقابلہ کھیلا جائے گا اس میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کو کنگس الیون پنجاب کے خلاف گلین مائیکس ویل اور ڈیویڈ ملر کی طوفانی اننگز کا سامنا رہے گا۔ یکے بعد دیگرے دو ناکامیوں کے بعد راجستھان رائلس کی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے پست ہیں لہٰذا وہ ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت بنگلور کے خلاف بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی کی سمت واپسی کیلئے کوشاں ہوگی جبکہ بنگلور کی ٹیم بھی گذشتہ رات کولکتہ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں ہوئی شکست کو پس پشت ڈالنے کیلئے کوشاں ہوگی۔ سن رائزس حیدرآباد کے خلاف افتتاحی مقابلے میں آخری اوورکی کامیابی کے بعد راجستھان کو یکے بعد دیگرے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پنجاب اور چنائی کے خلاف شکست برداشت کرچکی راجستھان رائلس کے کپتان شین واٹسن کیلئے ضروری ہیکہ وہ اپنی ٹیم کے بولنگ اور بیٹنگ شعبہ کے مسائل کو جلد حل کرلے۔
دوسری جانب کولکتہ کے خلاف شکست سے قبل متواتر دو فتوحات سے بنگلور کی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ راجستھان کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے کولکتہ کے خلاف ہوئی شکست کو بھولنا چاہتے ہیں۔ راجستھان کا بیٹنگ اور بولنگ شعبہ محتلف مقابلوں میں ناکام ہوا ہے۔ اجنکیا راہنے اور اسٹیورٹ بنی وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے افتتاحی مقابلہ میں ٹیم کو قریبی کامیابی دلوائی ہے جبکہ بعد کے مقابلہ میں شین واٹسن اور سنجو سامسن نے نصف سنچریاں اسکور کیں لیکن پنجاب کے خلاف بہتر اسکور بنانے کے باوجود بولروں نے شکست میں اپنا رول ادا کیا۔ چینائی سوپرکنگس کے خلاف راجستھان رائلس کا بیٹنگ شعبہ پھر ایک مرتبہ ناکام رہا حالانکہ اس ٹیم میں جیمس فالکنر، براڈ ہاچ اور اسٹیون اسمتھ موجود ہیں جو واٹسن کے ہمراہ کسی بھی لمحہ مقابلہ کو اپنے حق میں کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن مجموعی طور پر یہ سبھی ناکام ہیں
جبکہ سامسن کے مظاہروں میں استقلال کا فقدان ہے۔ فاسٹ بولر کی قیادت دھول کلکرنی اور میڈیم فاسٹ بولر رجت بھاٹیہ کررہے ہیں لیکن ان کے مظاہرہ کی توقعات کے مطابق نہیں ہے۔ کین رچرڈسن جنہوں نے ابتدائی دو مقابلوں میں 3 وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن گذشتہ مقابلہ میں وہ بیمار رہنے کی وجہ سے شرکت نہیں کر پائے ہیں۔ دوسرے مقابلے میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کو پنجاب کے خلاف آج کھیلے جانے والے مقابلے میں آسٹریلیائی جارحانہ بیسٹمین میکسویل کی طوفانی اننگز اور جنوبی افریقی بیٹسمین ڈیوڈ ملر کی برق رفتار بیٹنگ کا چیلنج رہے گا۔
میکسویل انتہائی شاندار فام میں ہیں جنہوں نے 93 کی اوسط سے تین مقابلوں میں 279 رنز اسکور کئے ہیں اور تینوں مرتبہ وہ سنچری کے قریب پہنچنے کے باوجود 3 ہندسوی اسکور بنانے میں کامیاب نہیں ہوپائے ہیں۔ میکسویل اور سنیل نارائن کے درمیان دلچسپ ٹکراؤ متوقع ہے کیونکہ کے کے آر کے عالمی شہرت یافتہ اسپنر سنیل نارائن ایسے بولر ہیں جو دنیا کے کامیاب ترین بیٹسمینوں کی وکٹ بھی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کے کے آر کیلئے کپتان گوتم گمبھیر کا ناقص فام تشویش کاباعث ہے کیونکہ وہ ٹیم کو بہتر شروعات تو درکنا خود اپنا اسکور بھی نہیں کر پائے ہیں۔