ممبئی ، 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ڈیرڈیولس کے مقابل جیت کے ذریعہ اپنی ناکامیوں کے تسلسل کو ختم کردینے کے بعد راجستھان رائلز کو اب یہ ردھم برقرار رکھنے کی فکر ہوگی کہ وہ استقلال سے عاری سن رائیزرس حیدرآباد کے خلاف اپنے آئی پی ایل کرکٹ میچ میں کل یہاں ایک اور غالب مظاہرے کے ساتھ پلے آف مرحلے کا کوئی مقام یقینی بنالیں۔ رائلز نے ابتدائی پانچ میچز جیت کر بڑی شاندار شروعات کی جس کے بعد وہ اپنی راہ سے کچھ بھٹک گئے اور تین ناکامیاں ہوئیں نیز دو مقابلے بے نتیجہ رہے لیکن اتوار کو دہلی کے مقابل 14 رنز کی جیت نے اس انحطاط کو روک دیا ہے ۔
شین واٹسن زیرقیادت اسکواڈ کی پوری کوشش رہے گی کہ اپنی تمام تر توجہ کل کے مقابلے پر مرکوز کرتے ہوئے ایک اور کامیابی درج کرائی جائے جو عملاً اُنھیں پلے آف میچز میں کھیلنے کا حقدار بنادے گی جبکہ مزید دو لیگ میچس باقی ہوں گے ۔ دوسری طرف سن رائیزرس کا جاریہ ٹورنمنٹ میں ملا جلا مظاہرہ رہااور پوائنٹس ٹیبل کے دوسرے نصف میں ہیں لیکن ڈیوڈ وارنر کی ٹیم کو بہرحال 16 اپریل کو وشاکھاپٹنم میں رائلز کے مقابل اپنی ہتک آمیز 6 وکٹ کی شکست کا بدلہ لینے کا ایک موقع نصیب ہورہا ہے ۔ استقلال کا فقدان سن رائیزرس کا بڑا مسئلہ رہا ہے اور انھیں تمام تر توانائی مجتمع کرتے ہوئے کچھ اُس انداز سے کھیلنا ہوگا جس طرح کا مظاہرہ اُنھوں نے لیگ کے لیڈرس چینائی سوپر کنگس کے خلاف گزشتہ ہفتے کو اپنی 22 رنز کی جیت کے دوران کیا تھا، لیکن اُس کے فوری بعد دو روز قبل اُنھیں ڈیفنڈنگ چمپیئنس کولکاتا نائیٹ رائیڈرس نے بہ آسانی ہرادیا۔
یہ بالعموم دیکھنے میں آیا ہے کہ جب کبھی اُن کے اوپنرس کیپٹن وارنر اور شکھر دھون فیل ہوجاتے ہیں تو بقیہ سن رائیزرس بیٹنگ بھی دباؤ کا شکار ہوجاتا ہے ، جس کا لازمی نتیجہ اننگز بکھرنے کی شکل میں سامنے آتا ہے ۔ اُن کے پاس ڈیل اسٹین اور ٹرینٹ بولٹ جیسے عمدہ سیم بولنگ والے گیندباز ہیں اور اُن کی مدد کیلئے ہندوستانی سیمر جیسے بھونیشور کمار اور پراوین کمار بھی ہیں لیکن اسپین ڈپارٹمنٹ میں کاٹ کی کمی ٹیم کیلئے نقصاندہ ثابت ہورہی ہے ۔ انھوں نے بپول شرما اور کرن شرما جیسے اسپنرس کو شامل کیا لیکن ان کے ذریعہ ٹیم کو اُتنا فائدہ ابھی تک نہیں ہوا جس کی توقعات تھیں۔ رائلز کے پاس طاقتور بیٹنگ آرڈر ہے جس کی قیادت اوپنر اور ٹورنمنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے اجنکیا راہانے کر رہے ہیں ، جس کے علاوہ کیپٹن واٹسن اور اسٹیو اسمتھ بھی ہیںجو کسی بھی بولنگ اٹیک کو اپنا دن ہو تو بری طرح ناکام بناسکتے ہیں۔ بہرحال حیدرآباد کو بقاء کی لڑائی کیلئے کل کسی طرح جیتنا ہوگا ۔