راجستھان میں کرشنا پونیا اور راجیہ وردھن راٹھور میں دلچسپ مقابلہ

جے پور۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں جے پور دیہی لوک سبھا حلقے میں اولمپکس میں فاتح مرکزی وزیر راجیہ وردھن سنگھ راٹھور کا مقابلہ خاتون کھلاڑی سے ہوگا۔لوک سبھا انتخابات میں پہلے مرحلے کے لیے آج سے شروع ہو رہے نامزدگی کے عمل سے پہلے کل دیر رات کانگریس نے چھ امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں دولت مشترکہ کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے والی کرشنا پونیا کا نام شامل ہے ۔محترمہ پونیا نے سال 2010 میں دولت مشترکہ کھیلوں میں طلائی، 2006اور 2010 کے ایتھنز گیمز میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ چورو ضلع کے سادل پور سے رکن اسمبلی کرشنا پونیا کا یہاں مقابلہ مسٹر راٹھور ہوگا۔ مسٹر راٹھور پہلی بار جے پور دیہی سیٹ سے ممبر پارلیمنٹ بن کر مودی حکومت میں اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت مقرر کئے گئے ۔ مسٹر راٹھورنے 2004 میں ایتھنز اولمپکس میں چاندی کا تمغہ، 2002 کامن ویلتھ گیمز میں دو طلائی تمغے اور 2006 میں ہوئے دولت مشترکہ میں ایک سونے اور ایک چاندی اور 2006 میں ایتھنز گیمز میں ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ ذات کے اعتبار سے جے پور میں اس بار مقابلہ راجپوت بمقابلہ جاٹ کا بھی ہوگا۔ کانگریس نے ریاست کی تمام 25 سیٹوں پر امیدوار میدان میں اتار دیے ہیں جن اجمیر سے سابق وزیر بینا کاک کے داماد رجّو جھنجھن والا کو ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ اسی طرح گنگا نگر سے بھرت رام کو، جھالاواڑ سے پرمود شرما کو، بھیلواڑا سے رام پال شرما اور راج سمند سے دیوکي نندن کو ٹکٹ دیا گیا ہے ۔بی جے پی میں اب باڑمیر، دوسا، کرولی۔دھول پور، بھرت پور، راج سمند اور ناگور میں امیدوار کے انتخاب کے سلسلے میں غور و خوض چل رہا ہے ۔