جئے پور۔5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ریاستی کانگریس صدر سچن پالٹ نے امید ظاہر کی کہ راجستھان میں کانگریس پوری اکثریت کے ساتھ اقتدار حاصل کرلے گی کیوں کہ عوام ریاست میں بی جے پی حکومت کی ناکامیوں سے بیزار ہوچکے ہیں۔ ٹونک شہر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پائلٹ نے کہا کہ قرائین سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی پچاس سے زیادہ نشستوں کو حاصل نہیں کرپائے گی۔ ریاستی عوام بی جے پی سے اتنے بیزار ہوچکے ہیں کہ وہ ریاست میں تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ ٹونک سے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پولیس خاں بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑرہے ہیں۔ راجستھان میں انتخابات 7 ڈسمبر کو مقرر ہیں اور آج شام پانچ بجیج انتخابی مہم اختتام پذیر ہوجائے گی۔ اسمبلی کے 204 حلقوں میں سے 199 حلقوں پر انتخابات کرائے جارہے ہیں۔
بی جے پی امیدوار پر ایس سی، ایس ٹی ایکٹ کے تحت معاملہ درج
ساگر، 5 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر کے سُرکھی اسمبلی حلقے سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار سدھیر یادو کے خلاف پولیس نے درج فہرست ذات (ایس ٹی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی) ظلم کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا ہے ۔ ساگر کے ممبر پارلیمنٹ لکشمی نارائن یادو کے بیٹے اور بی جے پی کے امیدوار سدھیر یادو پر الزام ہے کہ انہوں نے 28 نومبر کو پولنگ کے دن بیرکھیڑی میں ایک نوجوان کو ذات پات پر مبنی الفاظ کہے اور اس کے ساتھ مار پیٹ کی۔
نوجوان نے اس کی شکایت پولیس میں کی۔ پولیس نے جانچ کے بعد رپورٹ درج کرلی ہے اور اسے شامل تفتیش کرلیا ہے ۔