جئے پور ۔ 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں 46 مجالس مقامی بشمول 6 میونسپل کارپوریشن کیلئے 7,375 امیدواروں کی قسمت کے فیصلہ کا کل اعلان کیا جائے گا جبکہ 46 شہروں پر محیط 24 ضلع مستقروں میں صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا جہاں پر 22 نومبر کو رائے دہی منعقد ہوئی تھی۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر راملو بھیا نے بتایا کہ ریاست کے 6 بڑے میونسپل کارپوریشن میں جئے پور، کوند، جودھپور، بیکانیر، روڈے پور، بھرت پور شامل ہے۔ یہ انتخابات حکمران بی جے پی اور اپوزیشن کانگریس کیلئے وقار کا مسئلہ بن گئے ہیں اور اانتخابات سے قبل ہی امیدواروں کی خرید و فروخت شروع ہوگئی تھی اور امیدواروں کو حریف جماعت کے چنگل سے بچانے کیلئے لکژری ہوٹلوں اور اور ریسارٹس میں رکھا گیا تھا۔