بی جے پی کو 7 اور کانگریس کو 6 نشستوں پر کامیابی
جئے پور 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے راجستھان کے مجالس مقامی چناؤ میں آج 33 ضلع پریشدوں کے منجملہ 7 میں کامیابی حاصل کرلی جبکہ کانگریس نے 6 نشستیں جیت لیںجو اِس ریاست میں زعفرانی جماعت کی گزشتہ مئی میں لوک سبھا الیکشن بھرپور انداز میں جیت لینے کے بعد پہلی بڑی انتخابی آزمائش ہے۔ برسر اقتدار بی جے پی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے آج صبح 8 بجے شروع ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے بعد ابھی تک معلنہ نتائج میں 1,014 ضلع پریشدوں میں سے 159 اور کانگریس نے 106 جیت لئے ہیں۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی ترجمان نے کہاکہ 295 پنچایت سمیتیوں کی 6,236 نشستوں کے منجملہ بی جے پی نے 753 ، کانگریس 630 ، آزاد امیدواروں نے 98 اور بی ایس پی نے 3 نشستیں جیتی ہیں۔ بی جے پی کو 7 ضلع پریشدوں میں چتور گڑھ، برن، جھلوار، راج سامند، ٹونک، پرتاپ گڑھ اور سیروہی میں اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ کانگریس نے کوٹہ سوائی مادھوپور، جیسلمیر اور بوندی میں اکثریت جیت لی ہے۔ ابتدائی رجحانات سے ظاہر ہوا کہ برسر اقتدار بی جے پی کو ضلع پریشدوں میں سبقت مل رہی ہے جبکہ اپوزیشن کانگریس پنچایت سمیتی کے نتائج میں اُس کے ٹھیک پیچھے ہے۔