راجستھان سے 62سال میں صرف دو مسلم ارکان پارلیمنٹ منتخب

جئے پور ۔23مارچ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک کے پہلے لوک سبھا انتخابات 1952ء کے بعد سے راجستھان میں اب تک صرف دو مسلم ارکان پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں ۔ آزادی کے بعد سے تشکیل پانے والی پارلیمنٹ سے لیکر 15ویں لوک سبھا تک راجستھان سے تقریباً 317 ارکان پارلیمنٹ منتخب ہوئے ان میں سے صرف دو مسلم ایم پی ہیں ۔ ایک رپورٹ کے مطابق ایوب خان 1984ء اور 1989ء میں جھنجھنوا حلقہ لوک سبھا سے منتخب ہوئے تھے ۔ اب تک صرف کانگریس ہی راجستھان میں اپنے روایتی 9فیصد مسلم ووٹ بینک کے نام پر ایک ٹکٹ دیتی آرہی ہے ۔

مسلم قائدین کی کارکردگی کے کمزور مظاہرے کے پیچھے وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے مولانا آزاد لوک کلیان سنستھان کے مظفر بھارتی نے کہا کہ مسلم امیدوار ہمیشہ ان نشستوں سے مقابلہ کرتے ہیں لیکن کامیابی کے امکانات کم ہوتے ہیں ۔ ریاست میں مسلم آبادی جملہ آبادی کا 9فیصد ہے اور سب سے زیادہ مسلم غلبہ والا ضلع جیسلمیر ہے جہاں سے اب تک کسی بھی مسلم امیدوار نے مقابلہ نہیں کیا ۔ اب ٹونک ساول مادھو پور سے جہاں مسلم آبادی کم ہے کانگریس نے سابق ہندوستانی کرکٹ کپتان محمد اظہرالدین کو ٹکٹ دیا ہے ۔