راجستھان رائلز آج چوتھی کامیابی کیلئے پُر عزم

احمد آباد 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام )آئی پی ایل کے ساتویں سیزن میں کامیابی کی ہٹرک لگا چکی راجستھان رائلس ٹیم پیر کو جب موتیرا واقع سردار پٹیل اسٹیڈیم میں اپنے مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف اترے گی تو اس کا مقصد کامیابی کا چوکا لگانا ہوگا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے گئے پچھلے میاچ کو راجستھان رائلس نے سوپر اوور میں کامیابی حاصل کی تھی۔ٹورنمنٹ کے پہلے مرحلے کے فاتح راجستھان کی ٹیم چھ میچوں میں چار نشانات کے ساتھ درجہ بندی میں تیسرے مقام پر ہے جبکہ سال 2012 کی چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرس اتنے ہی میچوں میں چار نشانات کے ساتھ چوتھے مقام پر ہے۔آسٹریلیا کے شین واٹسن کی قیادت والے راجستھان کی ٹیم نے ٹورنمنٹ میں شاندار شروعات کرتے ہوئے پہلا میچ جیتا تھا لیکن اس کے بعد اسے اگلے دو میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ٹیم نے پھر رائل چیلنجرس بنگلور ، کولکتہ نائٹ رائیڈر اور دہلی ڈیر ڈیولس کو شکست دیکر کامیابی کی ہٹرک مکمل کی تھی۔ دوسری طرف گوتم گمبھیر والی قیادت والی ٹیم کو اپنے پچھلے تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس کی کوشش اب جیت کی پٹری کی طرف لوٹنے کی ہوگی ۔

کولکتہ نے بھی ٹورنمنٹ میں اپنی مہم کی شروعات جیت کے ساتھ کی لیکن پھر اسے دہلی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ کولکتہ نے بنگلور کو شکست دی لیکن اس کے بعد کنگس ایلیون پنجاب، راجستھان اور چنائی سوپر کنگس کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوگئی ۔ راجستھان اور کولکتہ کی ٹیمیں ٹورنمنٹ کے ہندوستان آنے کے بعد ایک، ایک میچ کھیل چکی ہیں اور یہاں کی صورتحال سے واقف ہیں۔دونوں ٹیموں میں کئی اسٹار ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی موجودگی اس میاچ کو دلچسپ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ گجرات میں عام انتخابات کے لئے رائے دہی ہوچکی ہے اور کافی تعداد میں شائقین کے راغب ہونے کی امید کی جاسکتی ہے ۔ راجستھان کی بیاٹنگ اجنکیا رہانے ،واٹسن ،سنجو سامسنگ اور کرون نائر کے ارد گرد گھومتی ہے جبکہ کولکتہ کیلئے منیش پانڈے نے اب تک 145 رنز بنائے ہیں

اور وہ ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیاٹسمینوں کی فہرست میں 10 ویں نمبر پر ہیں۔ ٹیم کے پاس رابن اوتھپا، جیک کیالس، گمبھیر اور یوسف پٹھان جیسے تجربہ کار بیاٹسمین ہیں لیکن ابھی تک انہوں نے مایوس کن مظاہرہ ہی کیا ہے ۔ گمبھیر کے کھاتے میں مجموعی طور پر 52 رنز ہیں جبکہ پٹھان نے مجموعی طور پر 59 رنز بنائے ہیں۔ فلم اداکار شاہ رخ خاں کے مالکانہ حق والی کولکتہ کی ٹیم کو اگر جیت کی راہ پر واپس ہونا ہے تو اس کے بیٹسمینوں کو جم کر رنز بنانے ہوں گے ۔ چنائی کے خلاف پچھلے میاچ میں ٹیم 149 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 9 وکٹس پر 114 رنز ہی بنا چکی تھی۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ٹیم کے بیاٹسمین کس حد تک آوٹ آف پرفارم ثابت ہورہے ہیں۔ جہاں تک بولنگ کا سوال ہے اس شعبہ میں راجستھان اور کولکتہ کی صورتحال یکساں ہے۔ کولکتہ کے پاس جہاں اسپینر سنیل نارائن ہیں تو راجستھان کے پاس لگ اسپینر پروین تانبے ہیں۔ دونوں ہی بولروں نے اب تک 9،9 وکٹس لئے ہیں۔ راجستھان کے پاس واٹسن ، کین رچرڈ سن، جیمس فالکنر، رجت بھاٹیہ اور دھول کلکرنی ہے تو کولکتہ کے پاس پیوش چاؤلہ ،مرنی مورکل ،شکیب الحسن، آر ونئے کمار اور کیلس ہیں۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان دھماکہ خیز مقابلہ ہونے کی امید کی جاسکتی ہے ۔