راجستھان اورکولکتہ میں آج دلچسپ مقابلہ متوقع

جے پو۔17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) اپنے گزشتہ مقابلوں میں200 کا اسکوربناتے ہوئیشاندار فتح حاصل کرنے والی راجستھان رائلس اورکولکتہ نائیٹ رائیڈرز کی ٹیموں کے درمیان کل یہاں آئی پی ایل 11 کے 15 ویں میچ میں دھماکہ خیز مقابلہ متوقع ہے۔راجستھان نے رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف بنگلور میں چار وکٹ پر 217 رن کا اسکور بنانے کے بعد 19 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ کولکتہ نے اپنے گھریلو میدان ایڈن گارڈن میں نو وکٹ پر 200 رن بنانے کے بعد دہلی ڈئیر ڈیولس کو71 رنز سے مات دی ہے۔کولکتہ نے اب تک چار میچوں میں دو میچ جیتے اور دو میچ ہارے ہیں جبکہ راجستھان نے تین میچوں میں دو میچ جیتے ہیں اور ایک میچ گنوایا ہے ۔دونوں کے درمیان اس مقابلے میں زبردست ٹکر ہونے کی پوری امید ہے کیونکہ دونوں ہی ٹیمیں شاندار فارم میں دکھائی دے رہی ہیں۔راجستھان کے کپتان اجنکیا رہانے اور کولکتہ کے کپتان دنیش کارتک ایک اور فتح حاصل کرنے اور اپنی جیت کی لے برقرار رکھنے کے لئے بے چین ہوں گے ۔راجستھان نے اپنے گزشتہ میچ میں نوجوان بیٹسمین سنجو سیامسن کی 10 چھکوں سے سجی ناٹ آؤٹ 92 رن کی دھماکہ خیز اننگز کے دم پر ستاروں سے لیس رائل چیلنجرز بنگلور کو19 رنز سے شکست دی تھی۔سنجو نے محض45 گیندوں پر دو چوکوں اور 10 چھکوں سے طوفانی ناٹ آؤٹ 92 رن بنائے تھے ۔کپتان اجنکیا رہانے نے 20 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36، بین اسٹوکس نے 21 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے27 رنز، جوس بٹلر نے 14 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رن اور راہول ترپاٹھی نے محض پانچ گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگاتے ہوئے ناقابل شکست14 رنز بنا کر راجستھان کو اتنے مضبوط اسکور تک پہنچایا تھا کہ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کی بنگلور ٹیم اس کا پیچھا نہیں کر پائی۔کولکتہ ٹیم میں شامل دہلی کے نتیش رانا نے صرف35 گیندوں میں پانچ چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے سب سے زیادہ59 رن، کیریبین بلے آندرے رسل نے محض 12 گیندوں پر چھ چھکوںسے41 رنزبنائے تھے۔