راجستھان انتخابات : جودھپور میں 10 نشستوں کیلئے کانگریس ، بی جے پی کا مقابلہ دلچسپ ہوگا

جودھپور۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں انتخابی مہم میں تیزی کے ساتھ سابق چیف منسٹر اشوک گہلوٹ کے آبائی ضلع جودھپور میں انتخابی مقابلہ کافی دلچسپ ہوگیا ہے کیونکہ کانگریس پارٹی اس ضلع کی 10 نشستوں پر کامیابی کے لئے تمام تر کوشش کررہی ہے جہاں 2013ء میں منعقدہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی 9 نشستوں پر کامیاب ہوئی تھی۔ کانگریس نے اس ضلع میں 8 نئے امیدواروں کو ٹکٹس دیئے ہیں جبکہ گہلوٹ کو سردار پورہ اور حلقہ اسمبلی بیلاڈا سے ہیرارام کو برقرار رکھا ہے۔ دوسری طرف بی جے پی نے 9 نشستوں پر جہاں وہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کامیاب ہوئی تھی، اس کے تمام موجودہ ارکان اسمبلی کو پھر ٹکٹ دیا ہے اور ایک نشست پر جہاں سے زعفرانی پارٹی کے امیدوار کو گزشتہ میں گہلوٹ کے حلقہ سردار پورہ میں شکست ہوئی تھی، بی جے پی نے پھر پانچ سال قبل کانگریس کے اس اہم قائد کے خلاف مقابلہ کرنے والے امیدوار ہی کو میدان میں اتارا ہے۔ بی جے پی نے گہلوٹ کے مقابل شمبو سنگھ کھیتاسر کو میدان میں اتارا ہے جنہیں 2013ء کے انتخابات میں 18,478 ووٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ کھیتاسر اسٹیٹ سیڈ کارپوریشن کے چیرمین ہیں اور موجودہ بی جے پی حکومت میں انہیں ایک وزیر کا موقف حاصل ہے۔ سردار پورہ اشوک گہلوٹ کا ایک مضبوط قلعہ ہے۔ وہ اس حلقہ سے 1998ء سے مسلسل کامیابی حاصل کررہے ہیں‘‘۔ کانگریس کے ترجمان اجئے تریویدی نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے گہلوٹ کو شکست دینے کے لئے اس کے امیدواروں کو تبدیل کیا تھا لیکن کوئی بھی کانگریس سے سردار پورہ حلقہ اسمبلی کو کھینچ نہیں پایا۔