راجر فیڈرر کا سبکدوشی پر غور؟

باسل۔5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سوئٹزرلینڈ کے ٹینس اسٹارعالمی نمبر 2 راجر فیڈرر نے کہا ہے کہ ڈیوس کپ کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ اولمپکس میں بھی ایکشن میں نہیں ہوں گے۔ماہرین نے فیڈرر کے اس اقدام کو ممکنہ سبکدوشی کا اشارہ قراردیاہے۔ 36 سالہ فیڈرر نے کہا کہ ڈیوس کپ ایونٹ سے باضابطہ طور پر سبکدوشی کا اعلان نہیں کیا لیکن کہ اب میں اس ٹورنمنٹ میں سوئٹزلینڈ کی نمائندگی نہیںکرسکوں گا۔ ٹوکیو اولمپکس کو بھی اپنا ہدف نہیں بنایا۔ریو اولمپکس میں نہ کھیلنے پر یقینی طور پر افسوس ہوا تھا لیکن ابھی ٹوکیو اولمپکس کے بارے میں کچھ نہیں سوچا۔ سوئس ٹینس اسٹار نے کہا کہ کھیلوں کے اس عالمی میلے میں دومرتبہ اپنے ملک کا پرچم بردار رہا ہوں جو بڑا اعزاز ہے ایک مرتبہ سونے کا اور ایک بار چاندی کا میڈل بھی جیتا ہے ،اس لئے مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اولمپکس میں بہت کچھ حاصل کر لیا ہے اس سے زیادہ کامیں نہیں سوچتا۔ فیڈرر کے ان خیالات کے بعدمبصرین نے کہا ہے کہ شاید وہ عالمی ٹینس سے سبکدوشی پر غور کر رہے ہیں۔