انڈین ویلز(امریکہ )۔16مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ٹینس دنیا کے دو معروف اور سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی راجر فیڈرر اور رافیل نڈال 16 مہینے بعد پھر ایک مرتبہ آمنے سامنے ہو رہے ہیں ، انڈین ویلز میں فیڈرر اور نڈال نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلوں میں کامیابی حاصل کر لی ہے اور اب 16 ماہ بعد دونوں کھلاڑی پھر ایک مرتبہ کسی ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ فیڈرر اور نڈال کے درمیان یہ 39 واں مقابلہ ہوگا۔2017 میں فیڈرر اور نڈال چار مرتبہ ایک دوسرے کے سامنے آئے اور چاروں مرتبہ فیڈرر نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 2018 میں ٹینس کے یہ دو بڑے کھلاڑی ایک دوسرے کے سامنے نہیں آئے تھے۔ انڈین ویلز ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی کی راہ میں فیڈرر اور نڈال نے ایک بھی سٹ نہیں گنوایا اور چاروں مقابلوں میں دونوں نے راست سٹوں میں کامیابی حاصل کی ہیں جیسا کہ فیڈرر نے اپنے کواٹر فائنل مقابلے میں ہوبٹ ہر کاز کو راست سٹوں میں 4-6 ،4-6 سے شکست دی جب کہ رافل نڈال کو اپنے کوارٹر فائنل مقابلے میں ناصرف 22 سالہ نوجوان کھلاڑی فلپ کرا چینووک کے خلاف سخت جدوجہد کے بعد ٹائی بریکر میں 6 (2)-7 ، 6 (2)-7 کی کامیابی حاصل ہوئی لیکن اس دوران نڈال اپنی فٹنس کے لیے بھی پریشان تھے جیسا کہ مقابلے کے دوران انھوں نے گھٹنے کی تکلیف کے ل;ے میڈیکل ٹائم آؤٹ بھی لیا۔ فیڈرر اور نڈال کے درمیان کھیلے جانے والے سیمی فائنل مقابلے کے لئے فیڈررکوکسی قدر کامیابی کے لئے پسندیدہ موقوف حاصل ہے کیونکہ فیڈر اس ٹورنمنٹ میں نڈال کی بہ نسبت اعلی معیار کا مظاہرہ کر رہے ہیں تو دوسری جانب خود نڈال نے اعتراف کیا ہے کہ وہ شاید فیڈرر کے خلاف سیمی فائنل مقابلے میں شرکت ہی نہیں کرپائیں گے کیونکہ انہیں گھٹنے کی تکلیف کا سامنا ہے۔ اس مقابلے میں فیڈرکی کامیابی کے امکانات اس لئے بھی زیادہ ہیں کیونکہ گذشتہ 4 مقابلوں میں فیڈرر نے اپنے کٹر حریف نڈال کو ایک جانب شکست دی ہے تو دوسری جانب نڈال اپنی فٹنس کی وجہ سے پریشان ہیں۔ ٹورنمنٹ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریا کے ابھرتے نوجوان کھلاڑی ڈومینک تھیم اورکینیڈا کے تجربے کارکھلاڑی ماؤلیس راؤ نیک کے درمیان کھیلا جائے گا اور دونوں کھلاڑیوں نے بہتر مظاہروں کے ذریعہ خودکو خطاب کا دعویدار ثابت کیا ہے لہذا دونوں میں ایک دلچسپ ٹکراؤ متوقع ہے۔