رابرٹ وڈرا سے پانچویں مرتبہ پوچھ تاچھ

نئی دہلی 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) رابرٹ وڈرا آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے روبرو حاضر ہوئے اور بیرون ملک مبینہ غیر قانونی اثاثوں کی خریدی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس کے سلسلہ میں سوالات کے جواب دیئے۔ عہدیداروں نے کہاکہ وڈرا وسطی دہلی کے جام نگر میں واقع ایجنسی کے دفتر کو صبح 11 بجے سے قبل پہونچے۔ اُن سے اِس کیس میں قبل ازیں 4 مرتبہ پوچھ تاچھ کی جاچکی ہے۔ آخری بار 20 فروری کو پوچھ گچھ ہوئی تھی۔ عہدیداروں نے کہاکہ ایجنسی وڈرا کو دستاویزات دکھارہی ہے اور کیس کی تحقیقات کے دوران دیگر ملزمین کے بیانات بھی بتارہی ہے۔ اِس کے بعد اُن کا بیان قلمبند کیا جارہا ہے۔ گزشتہ سیشن کے دوران بزنسمین نے اِس کیس کے تحقیقاتی افسر کو بتایا تھا کہ اُن کی طبیعت ٹھیک نہیں۔ اس لئے اُن کا بیان بعد میں قلمبند کیا جائے گا۔وڈرا کی ای ڈی کے روبرو حاضری کا تعلق ایک فوجداری شکایت سے ہے کہ مبینہ طور پر غیر قانونی انداز میں بیرون ملک اثاثے خریدے گئے اور اِس سلسلہ میں غیر قانونی رقمی لین دین عمل میں آئے۔