رابرٹ وڈرا سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں مزید پوچھ گچھ

نئی دہلی۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے برادر نسبتی رابرٹ وڈرا بیرونی ممالک میں اثاثوں کی مبینہ غیرقانونی خریدی سے متعلق رقمی ہیر پھیر کے ایک مقدمہ کے ضمن میں آج انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے اجلاس پر حاضر ہوئے۔ انڈیا گیٹ کے قریب واقع اس ادارہ کے دفتر پر وڈرا 10:45 بجے دن پہونچے تھے جہاں گزشتہ جمعرات کو ان سے تقریباً 5 گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی گئی تھی اور تحقیقاتی افسران نے قانون انسداد رقمی ہیر پھیر کے تحت بیان قلمبند کیا تھا۔ تاہم وہ 31 مئی کو ناسازیٔ صحت کی وجہ بتاتے ہوئے پوچھ گچھ کیلئے حاضر نہیں ہوسکے تھے۔ وڈرا نے منگل کو پوچھ گچھ کا سامنا کرنے کیلئے دفتر پہونچنے سے قبل سوشیل میڈیاپر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ تقریباً 80 گھنٹوں تک انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی پوچھ گچھ کا سامنا کرچکے ہیں اور کئی سوالوں کا جواب دیا جاچکا ہے۔ غیرضروری ڈرامہ بازی اور سنسنی کے باوجود میں صبر و سکون کے ساتھ سامنا کرتا رہا ہوں۔