رائے پور کے کلکٹر مستعفی بی جے پی میں شمولیت ممکن

رائے پور۔ 25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) رائے پور کے ڈسٹرکٹ کلکٹر او پی چودھری نے چھتیس گڑھ میں حکمراں بی جے پی میں اپنی شمولیت کی اطلاعات کے درمیان آج اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا۔ ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے کہا کہ 2005ء بیاچ کے آئی اے ایس افسر چودھری نے محکمہ اُمور ملازمین و تربیت کو اپنا مکتوب استعفیٰ روانہ کردیا۔ چودھری تاہم اپنے استعفیٰ کی اطلاع پر تبصرہ کیلئے دستیاب نہ ہوسکے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ آئی اے ایس افسر بی جے پی میں شامل ہوں گے۔ بی جے پی نے اگرچہ ہنوز اس کی توثیق نہیں کی ہے لیکن کہا ہے کہ اگر وہ ایسا کرنا چاہتے ہیں تو اس کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ چھتیس گڑھ میں اختتام سال پر اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔