رائے شماری کے وقت غفلت کے خلاف انتباہ

محبوب نگر6 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر ایم گریجاشنکر نے ضلع پریشد میٹناگ ہال میں منعقسدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رائے شماری کے وقت کسی بھی قسم کی غفلت نہ برتی جائے ۔ وہ میونسپلٹی ، زیڈ پی ٹی سی ، ایم پی ٹی سی اور عام انتخابات کی رائے شماری کے ضمن میں اجلاس سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 12 مئی کو ضلع کے 3 میونسپالٹیز اور 5 نگر پنچایتوں اور 13 مئی کو ضلع کے 64 زیڈ پی ٹی سیز اور 926 ایم پی ٹی سیز اور 16 مئی کو ضلع کے 2 پارلیمانی اور 14 اسمبلی حلقوں کی رائے شماری کی جائے گی ۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کی رائے شماری کے وقت 25 بیالٹ کا ایک بنڈل بنانا ہوگا ۔ ہر راؤنڈ کے نتائج صحیح طور پر درج کرتے ہوئے امیدواروں کے موجود ایجنٹس کی دستخطیں لینا ہوگا ۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ رائے شماری کے وقت الیکشن کمیشن کے قوانین پر سختی سے کار بند رہنا ہوگا ۔ رائے شماری کے مراکز پر بنیادی سہولتوں کو فراہم کیا جائے ۔ کاونٹنگ ایجنٹس کو پاسس کی اجرائی کے وقت احتیاط سے کام لیں ۔ انہوں نے ٹرانسکو عہدیداروں کو ہدایت دی کہ رائے شمار کے دوران برقی کٹوتی نہ کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ کاونٹنگ سنٹر پر ہی میڈیا سنٹر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ ریٹرننگ آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ مکمل جانچ اور اطمینان کے بعد ہی نتائج کا اعلان کریں ۔ اس موقع پر زیڈ پی سی اور رویندر ، الیکشن آبزرور بھگونت سروپ و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔