کئی حلقوں میں پولنگ بوتھوں پرقبضہ کرلیا گیا : سی پی آئی
نئی دہلی ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی نے مغربی بنگال میں انتخابات کے مابقی دو مراحل کے انعقاد کیلئے مرکزی فورسیس کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔ سی پی آئی کا ادعا ہیکہ کل منعقد ہوئی رائے دہی کے دوران پولنگ بوتھ پر قبضہ کرنے کے کئی واقعات رونما ہوئے۔ پارٹی کی مرکزی سکریٹریٹ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کل انتخابی دھاندلیوں کے کئی واقعات رونما ہوئے تھے۔ الیکشن کمیشن کو ان حلقوں سے جہاں دھاندلیاں ہوئی ہیں،
دوبارہ رائے دہی کے مطالبہ کی تکمیل کرنی چاہئے۔ لہٰذا اب یہ ضروری ہوگیا ہیکہ رائے دہی کے مابقی مراحل کیلئے مرکزی فورسیس کو تعینات کیا جائے کیونکہ حکومت نے ایسے وعدے کئی بار کئے ہیں تاکہ پرامن اور شفاف رائے دہی کو یقینی بنایا جاسکے۔ سی پی آئی نے چینائی میں ٹرین میں ہوئے دھماکہ کی بھی زبردست مذمت کی اور حکومت و انٹلیجنس ایجنسیوں سے درخواست کی کہ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں۔ سی پی آئی کے مطابق ملک میں اس وقت عام انتخابات ہورہے ہیں جبکہ میڈیا نے یہ خبر بھی دی ہیکہ چینائی ایرپورٹ پر ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے صرف چند روز قبل سری لنکا سے یہاں کا سفر کیا تھا جو یقینا باعث تشویش ہے۔