الیکشن کمیشن کا بہار انتخابی ارکان عملہ کو ہدایت جاری ‘ رازداری کو یقینی بنانے کی خواہش
نئی دہلی ۔27ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ووٹوں کی خفیہ نوعیت کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن نے بہار انتخابی ارکان عملہ کو ہدایات جاری کی ہیں جن میں سے ایک ہدایت یہ بھی ہے کہ مراکز رائے دہی پر رازداری کی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیئے ۔ بہار کے چیف الکٹورل آفیسر کے نام الیکشن کمیشن نے اپنے مکتوب میں ماضی کے تجربہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ واضح ہدایات کے باوجود رائے دہی کے بعض حصے کارڈبورڈس سے تیار کئے گئے تھے اور کارڈ بورڈس کی بلندی بھی ناکافی تھی ۔ دیگر معاملات میں کپڑے استعمال کئے گئے تھے جو ناقص معیار کا اور شفاف تھا ۔ بعض واقعات میں ناقص اشیاء جیسے دھوتی ‘ لنگی ‘ ساڑی اور تھیلے استعمال کئے گئے تھے تاکہ رائے دہی کا حصہ علحدہ کیا جاسکے ۔ ایسے معاملات میں رائے دہی کی خفیہ نوعیت کی قیمت پر سمجھوتہ ہوتا ہے ۔ انتخابی نگرانکار ادارہ نے حال ہی میں کہا کہ رائے دہی کا حصہ ایسے کمرے استعمال کرتے ہوئے بنایا جانا چاہیئے جس کی دیواروں پر الیکشن کمیشن کا نشان تینوں جانب موجود ہونا چاہیئے ۔ کمرہ دروازہ کے نزدیک یا کھڑکی کے نزدیک نہیں ہونا چاہیئے کیونکہ اس سے رائے دہی کی رازداری متاثر ہوسکتی ہے ۔ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ جس میز پر پرچہ جات رائے دہی کا شعبہ قائم کیا جائے اُسے ڈھائی فیٹ اونچی دیواروں والے کمرے میں رکھا جائے تاکہ رائے دہندوں کو اپنے ووٹ دیتے وقت کسی مسئلہ کا سامنا نہ ہو ۔ ساتھ ہی ساتھ الیکشن کمیٹی کو چاہیئے کہ رائے دہی استعمال کرنے کی مشین سے مربوط کیبل اور کنٹرول یونٹ پر ہر وقت نظر رکھی جائے اور کسی بھی صورت میں اسے کپڑے یا کسی اور شئے سے ڈھانکا نہ جائے تاکہ یہ منقطع نہ ہوسکے اور ہر ایک کو نظر آئے ۔ رائے دہندے کی جانب سے ووٹ دینے کی مشین میں ہیرپھیر نہ کرنے کو یقینی بنانے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ کارڈ بورڈ میں ایک شگاف کیا جائے جو اتنا بڑا ہو کہ کیبل پر نظر رکھی جاسکے لیکن ساتھ ہی ساتھ اتنا بڑا بھی نہ ہونا چاہیئے کہ رائے دہی خفیہ نوعیت متاثر ہو ۔ بہار اسمبلی انتخابات پانچ مرحلوں میں 12‘ 16‘ 28 اکٹوبر اور یکم و 5نومبر کو منعقد کئے جائیں گے ۔ رائے شماری 8نومبر کو مقرر ہے ۔