رائے دہی سے کانگریس ارکان کی غیر حاضری معنٰی خیز

نارائن پیٹ۔/5جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ مجلس بلدیہ پر بی جے پی کے قبضہ کے بعد مجالس مقامی، منڈل پریشد نارائن پیٹ پر بی جے پی نے اپنا پرچم لہرایا۔ ایم پی ڈی او مسٹر رمیش کی نگرانی میں میٹنگ ہال دفتر منڈل پریشد میں ایم پی ٹی سیز نارائن پیٹ منڈل کااجلاس منعقد ہوا جس میں مسٹر رمیش نے الیکشن آفیسر کے فرائض انجام دیئے۔ صدر نشین منڈل پریشد کے طور پر شریمتی منیماں بی جے پی کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا جبکہ نائب صدر نشین کے لئے مسٹر راما کرشنا گوڑ ( آزاد ) منتخب قرار دیئے گئے۔ کوآپشن رکن کے طور پر مسٹر فیاض الدین ( بی جے پی ) کا انتخاب عمل میں آیا۔ آزاد رکن کونائب صدر نشین عہدہ کا لالچ دے کر بی جے پی نے پریشد میں اکثریت حاصل کرلی ۔ لیکن کانگریس کے دو ارکان نے رائے دہی میں غیر حاضر رہ کر بی جے پی کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ اس طرح ڈرامائی انداز میں بی جے پی نے منڈل پریشد پر بھی اپنا تسلط قائم کرلیا۔ کانگریس کے اس رویہ سے نارائن پیٹ منڈل پریشد کے سیکولر افراد و پارٹیوں کے قائدین نے اپنی شدید حیرت کا اظہار کیا ہے۔ نارائن پیٹ مستقر اور منڈل میں ہمیشہ بی جے پی کا دبدبہ رہا ہے۔سیکولر پارٹیاں اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرکے بی جے پی کو شکست دے سکتے ہیں لیکن سیکولر پارٹیوں کی آپسی مخاصمت اور رسہ کشی سے بی جے پی ہمیشہ فائدہ اٹھاتی رہی ہے۔