رائے دہندوں کی زبردست تعداد سے ذمہ داریوں میں اضافہ کی نشاندہی:نریندر مودی

بلسور ؍ کیون جھار ؍ کلچیر 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات میں عوام کی کثیر تعداد میں رائے دہی کو ذمہ داریوں میں اضافہ کی نشاندہی قرار دیتے ہوئے مودی نے آج کہاکہ مرکز کی یو پی اے حکومت اور اوڈیشہ کی بی جے ڈی حکومت کو احساس ہونا چاہئے کہ انتخابات کا یہ رجحان اُن سے محبت یا خلوص کا نتیجہ نہیں ہے بلکہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔ بی جے پی نے اوڈیشہ میں نوین پٹنائک حکومت کو اپنے لئے کانگریس کے بجائے چیلنج کے طور پر قبول کیا ہے۔ اوڈیشہ میں لوک سبھا کی 21 نشستیں ہیں جن میں سے 10 کے لئے کل رائے دہی ہوگئی۔ باقی 11 نشستوں کے لئے 17 اپریل کو رائے دہی مقرر ہے۔ مودی نے عوام اور رائے دہندوں کو کثیر تعداد میں شدید گرمی کے باوجود رائے دہی پر مبارکباد پیش کی اور کہاکہ اب وہ دعویٰ کرسکتے ہیں کہ کانگریس اوڈیشہ میں ایک بھی نشست پر کامیابی حاصل نہیں کرسکے گی۔ بیجو جنتادل کے صدر نوین پٹنائک پر تنقید کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ وہ اڑیہ زبان نہ تو بول سکتے ہیں نہ لکھ سکتے ہیں اور نہ پڑھ سکتے ہیں۔ اُنھیں حیرت ہے کہ ریاست کے عوام نے گزشتہ 15 سال سے کیسے برداشت کررہے تھے۔