نئی دہلی ۔ 12 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر شاذیہ علمی نے آج صدر کانگریس سونیا گاندھی کے خلاف مقابلہ نہ کرنے اپنے فیصلہ کی بھرپور مدافعت کی اور کہا کہ رائے بریلی سے تعلق رکھنے والے عوام کے ساتھ میرا کوئی رابطہ نہیں ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے علمی نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ میں رائے بریلی سے مقابلہ نہیں کرنا چاہتی کیونکہ میں وہاں کسی کو نہیں جانتی اور مقامی یونٹ سے بھی میرا کوئی رابطہ نہیں ہے۔ اس کے علاوہ میری ذاتی وجوہات بھی ہیں۔ میری لڑکی امتحان دے رہی ہے۔ پارٹی میں اس تعلق سے چہ میگوئیاں ہورہی ہیں کہ شاذیہ علمی کو سونیا گاندھی کے خلاف ٹھہرایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کسی بھی صورت سونیا گاندھی کے خلاف شاذیہ علمی کو امیدوار بنانے پر اٹل ہے لیکن وہ تیار نہیں ہیں۔ وہ فرخ آباد سے مقابلہ کرنا چاہتی ہیں۔ اس سیٹ سے وزیر خارجہ سلمان خورشید نمائندگی کرتے ہیں یا اس کے علاوہ دہلی سے کوئی بھی سیٹ پر مقابلہ کرنا چاہتی ہیں۔ شاذیہ علمی نے کہا کہ پارٹی کے اندر اس مسئلہ پر کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ پارٹی نے نئی دہلی سے اشیش کھیتان جرنلسٹ کو ٹکٹ دیا ہے۔