رائے اور اسٹوکس کی نصف سنچریاں ، انگلینڈ کا ایک اور بہتر مظاہرہ

کارڈف۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے جیسن رائے اور بین اسٹوکس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو سیریز کے پانچویں اور آخری میں کامیابی کیلئے 303 رنز کا ہدف دیا ہے۔انگلش اوپنرز نے پاکستان کی غیرمعیار بولنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن پانچویں اوور میں ایلکس ہیلز 37 کے مجموعی اسکور پرمحمد عامر کو وکٹ دے بیٹھے۔وکٹ گرنے کے باوجود رنز بننے کی رفتار کم نہ ہوئی تاہم 64 کے اسکور پر جو روٹ بھی حسن کی گیند کو ڈرائیو کرنے کی کوشش میں آوٹ ہوئے۔جیسن رائے نے دوسرے سرے سے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی۔ رائے اور اسٹوکس نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کیلئے 72 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو بحرانی صورتحال سے نکالا، رائے سنچری کی جانب گامزن نظر آرہے تھے لیکن محمد عامر نے ان کی اننگز کا 87 رنز پر خاتمہ کردیا۔اس کے بعد اسٹوکس کا ساتھ نبھانے جونی بیئراسٹو پہنچے اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرواتے ہوئے مزید 55 رنز جوڑے تاہم 219 کے اسکور پر بیئراسٹو پویلین لوٹ گئے۔ اسٹوکس نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کیساتھ اسکور کو 258 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر وہ 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس موقع پر انگلش ٹیم یکے بعد دیگرے وکٹیں گنوانے کے سبب رنز بنانے کی رفتار برقرار نہ رکھ سکی۔کرس ووکس، لیام ڈاسن اور ڈیوڈ ولی بھی کچھ خاطر خواہ کارکردگی دکھائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے چار جبکہ محمد عامر نے تین وکٹیں لیں۔