رائیکورٹ میں ایک شخص کا بہیمانہ قتل

نیالکل۔/5جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگاریڈی رائیکورٹ منڈل چوراستہ عقبی کھیت میں ڈگری طالب علم نوین کمار ولد جئے پال موظف ٹیچر جالکی گورنمنٹ ہائی اسکول نیالکل کے بہیمانہ قتل کا واقعہ پیش آیا۔ ڈی ایس پی پولیس نلاری روی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جئے پال کل شام سے گھر واپس نہ لوٹنے پر والدین نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے رائیکورٹ پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی۔ چندنامعلوم افراد نے نشہ کی حالت میں جئے پال کے سرپر پتھر سے حملہ کرکے ضرب پہنچا کر قتل کردیا۔ قتل کی وجہ آپسی اختلافات بتائی گئی۔ صبح زرعی کاشتکاروں نے کھیت میں جئے پال کی نعش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ موقع واردات پر ڈی سی پی نلاری روی سرکل انسپکٹر حدنور پولیس کرشنا کشور ایس آئی وشواناتھ نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے گورنمنٹ ہاسپٹل ظہیرآباد منتقل کیا اور اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ مقتول کے والدین نے ان کے لڑکے کے قتل کے میں قریبی رشتہ داروں پر شک و شبہ ظاہر کیا ہے۔

سڑک حادثہ میں ہوم گارڈ ہلاک
بودھن۔/5جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن پولیس اسٹیشن سے وابستہ ہوم گارڈ 42 سالہ ٹی وینکٹیش گزشتہ روز دواخانہ سے اپنے گھر واقع موضع نرسا پور فارم واپسی کے دوران سڑک سے متصل کیچڑ و پانی سے بھرے کھڈے میں توازن کھوکر گرپڑا اس دوران جس سیکل پر وہ سوار تھا وہ سیکل اس پر ہی گرپڑی، سب انسپکٹر پولیس بودھن گووند کے مطابق کیچڑ میں سرکے بل گرپڑنے سے بیمار ہوم گارڈ کو سانس لینے میں دشواری ہوئی۔ وہ موقع حادثہ پر ہی فوت ہوگیا۔ راہ گیروں کی اطلاع پو پولیس نے موقع حادثہ پہنچ کر متوفی کی شناخت کی۔ متوفی گزشتہ پانچ دنوں سے رخصت پر تھا اس کی ڈیوٹی آر ٹی سی بودھن بس ڈپو پر تھی ۔ اس واقعہ کی اطلاع پاکر آر ٹی سی ڈپو منیجر نے متوفی کے گھر پہنچ کر اس کے افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ سرکل انسپکٹر پولیس بودھن سریندر ریڈی کے بموجب متوفی کے بھائی شیواجی کی تحریری شکایت پر مقدمہ درج رجسٹر کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔