ویلنگٹن ۔ 10 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) آکلینڈ کے ایک بار میں تنازعہ کی تحقیقات کا سامنا کر رہے نیوزی لینڈ کے اوپنر جے سی رائیڈر اور میڈیم فاسٹ بولر ڈوک بریسویل کو ہندوستان کے خلاف 14 فروری کو شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ کیلئے ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے ۔ رائیڈر اور بریسویل آکلینڈ کے بار میں ایک دوسرے کے خلاف دھکم پیل میں زخمی ہوئے ہیں اور یہ واقعہ ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ سے قبل پیش آیا جہاں ہندوستان کو 40 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ رائیڈر کا ماضی الکحل تنازعات سے پر ہے جبکہ بریسویل پہلی مرتبہ اس طرح کے تنازعہ میں تحقیقات کا سامنا کریں گے ۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ہم دوسرے ٹسٹ کیلئے ہندوستان کے خلاف اپنی ٹیم کا اعلان کریں گے لیکن جے سی رائیڈر اور ڈوک بریسویل کے ناموں پر غور نہیں کیا جائے گا
۔ بریسویل اور رائیڈر کے درمیان جو جھگڑا ہوا، اس کی وجوہات کا ہنوز علم نہیں ہوسکا ہے تاہم اس جھگڑے میں بریسویل نے اپنا پیر توڑوالیا ہے جبکہ رائیڈر بھی کا بھی ہاتھ زخمی ہوا ہے۔ ہندوستان کے خلاف منعقدہ پہلے ٹسٹ سے قبل ہوئے اس واقعہ میں زخموں کی وجہ سے رائیڈر اور بریسویل کو قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا اور دوسرے ٹسٹ سے قبل ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے وہ دوسرے ٹسٹ میں میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ کوچ ہیسن کے بموجب مذکورہ کھلاڑیوں نے ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے اور اب انہیں تحقیقات کے علاوہ متوقع سزا کا بھی سامنا کرنا پڑے گا ۔