رائنا کی سنچری ، چینائی نے چمپئنس ٹرافی جیت لی

بنگلور ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سریش رائنا کی ناقابل تسخیر سنچری کی بدولت چینائی سوپر کنگس نے چمپئنس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کے خطابی مقابلے میں ٹورنمنٹ کی ناقابل شکست کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کو 8 وکٹوں سے شکست دی اور خطاب حاصل کرلیا ۔ کامیابی کے لیے مطلوبہ نشانہ 181 رنز فاتح ٹیم نے 18.3 اوورس میں 185/2 کی شکل میں حاصل کرلیا ۔ رائینا نے 62 گیندوں میں 6 چوکوں اور 8 چھکوں سے سجی اپنی اننگز میں 109 رنز اسکور کیے جب کہ کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 14 گیندوں میں 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 23 رنز بنائے جس میں کامیابی کے لیے لگایا گیا چھکہ بھی شامل ہے ۔ چینائی کے لیے آوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں ڈیوین اسمتھ (8) اور برنڈن مکالم (39) شامل ہیں ۔ مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ فائنل میں شرکت سے محروم رہنے والے اسپنر سنیل نارائن کا کولکتہ کی ٹیم کو شدید نقصان ہوا جو ایک بہتر اسکور کا دفاع کرنے میں ناکام رہی ۔ قبل ازیں چینائی نے ٹاس جیت کر کے کے آر کو بیٹنگ کے لیے مدعو کیا جس نے گوتم گھمبیر کے شاندار 80 رنز کی بدولت 180/6 رنز اسکور کیے ۔ کپتان گھمبیر نے 52 گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے لگائے ۔ یوسف پٹھان نے محض 9 گیندوں میں 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز اسکور کیے ۔۔