نئی دہلی ۔ 30 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)دنیا کے بیشتر بہترین کھلاڑیوں کی طرح سریش رائنا بھی مختصر فارمیٹ کی طرح ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کیلئے بے چین ہیں جن کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کامیابی طویل طرز کیلئے بہترین پلیٹ فارم فراہم کر دے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس کیلئے کافی بیتابی محسوس کر رہے ہیں اور انہیں جنوبی افریقہ کی ہندوستان آمد سے قبل یو پی کی جانب سے چار سے پانچ فرسٹ کلاس میچز کھیلنا پڑیں گے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں اس بات کا گلہ بھی کیا کہ انہیں ابھی تک ٹسٹ کرکٹر کی حیثیت سے خود کو منوانے کا موقع ہی نہیں مل سکا ہے۔
پاکستان کا ستمبر میں دورۂ زمبابوے
ہرارے۔ 30 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کرکٹ ٹیم زمبابوے سے کیے گئے وعدے کو نبھانے کیلئے ستمبر میں افریقی ملک کا دورہ کرے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے اصرار کے بعد پی سی بی نے دورۂ زمبابوے سے متعلق حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زمبابوے کرکٹ بورڈ نے اس سیریز کا ابتدائی شیڈول بھی پی سی بی کو بھجوا دیا ہے جس کے بعد دونوں بورڈ کے حکام اب شیڈول کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔