آکلینڈ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین سریش رائنا نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور اہم مقابلے سے قبل آج نیٹ پراکٹس کے دوران اپنی کہنی زخمی کر بیٹھے ہیں اور تیسرے ونڈے میں ان کی شرکت غیریقینی ہوچکی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے منیجر ڈاکٹر آر این بابا کے بموجب رائنا آج نیٹ میں اپنی بائیں کہنی زخمی کر بیٹھے ہیں اور احتیاطی طور پر ان کا ایکسرے لیا گیا ہے جس کی رپورٹ میں ہلکے زخم کی نشاندہی کی گئی ہے۔ دریں اثناء کل تیسرے ونڈے سے قبل ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔ رواں سیریز میں جہاں ہندوستانی ٹیم کو 0-2 کا خسارہ ہے وہیں رائنا ابتدائی 2 مقابلوں میں 18 اور 35 رنز کے معمولی اسکورس کے ذریعہ ٹیم کے مسائل میں اضافہ کررہے ہیں۔
آج ہاکی انڈیا لیگ کا آغاز
موہالی 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)ہیرو ہاکی انڈیا لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا کل یہاں آغاز ہورہا ہے اور مصنوعی روشنی میں کھیلے جانے والے افتتاحی مقابلہ میں جی پی پنجاب واریرس کا مقابلہ دہلی ویو رائیڈرس سے ہوگا۔ یہ مقابلہ یہاں تعمیر کردہ نئے میدان انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اِس ہاکی ٹورنمنٹ کی فاتح ٹیم کو 2.5 کروڑ روپئے اور خطابی مقابلہ میں شکست برداشت کرنے والی ٹیم کو 1.25 کروڑ روپئے انعام دیا جائے گا۔