رائل چیلنجرس بنگلور کا آج چینائی سوپر کنگس کے ساتھ مقابلہ

چینائی 3 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمئیر لیگ میں کل دو طاقتور ٹیموں چینائی سوپر کنگس اور رائل چیلنجرس بنگلور کا مقابلہ ہوگا ۔ اس میچ میں چینائی کی ٹیم دوبارہ کامیابیوں کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے اپنے موقف کو مستحکم کرنے کی کوشش کریگی جبکہ رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم اپنی حالیہ کامیابیوں کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کریگی ۔ چینائی کی ٹیم حالیہ شکستوں کے باوجود نو میچس میں چھ کامیابیوں کے ساتھ ہنوز سر فہرست ہے جبکہ اسے کل ہی سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف 22 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ دھونی کی ٹیم اب اپنے ہوم گراونڈ پر کامیابی کیلئے کوشش کریگی ۔ دوسری جانب رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم جو تیسرے مقام پر ہے کل کولکتہ کے خلاف بارش سے متاثرہ میچ میں کامیابی کے بعد بلند حوصلے رکھتی ہے ۔ اس نے دس میچس میں پانچ میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ویراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کرنا چاہے گی

کیونکہ چینائی کے خلاف کامیابی سے اس کے حوصلے بلند ہوسکتے ہیں۔ بنگلور کی ٹیم میں کرس گیل ‘ اے بی ڈی ولئیرس اور کوہلی جیسے بلے بازوں کی موجودگی سے یہ ٹیم چدمبرم اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں کامیابی کو یقینی بناسکتی ہے ۔ نوجوان مندیپ سنگھ ‘ جنہوں نے کل کولکتہ کے خلاف ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا تھا ‘ کل بھی شاندار مظاہرہ کی کوشش کرینگے ۔ بولنگ کے محاذ پر مچل اسٹارک کی موجودگی سے آر سی بی کو استحکام ملا ہے ۔ ورون آرون بھی ٹھیک بولنگ کر رہے ہیں جبکہ یزویندر چہل اسپین گیند بازی کی ذمہ داری نبھائیں گے ۔ بہترین کھلاڑیوں کی موجودگی کے باوجود آر سی بی کی ٹیم چینائی کے خلاف جدوجہد کا شکار بھی ہوسکتی ہے ۔ چینائی کی ٹیم چونکہ ابھی ایک میچ میں شکست سے لوٹی ہے ایسے میں وہ کل کے میچ میں کامیابی کا سلسلہ بحال کرنا چاہے گی ۔ دھونی کی قیادت والی ٹیم میں بھی برینڈن مک کیولم ‘ ڈوین اسمتھ ‘ سریش رائنا اور ڈوین براوو کے علاوہ خود دھونی کی موجودگی اس کے استحکام کی دلیل ہے ۔ ان تمام ہی کھلاڑیوں نے کسی نہ کسی موقع پر اچھا مظاہرہ کیا ہے اور کل کے بھی میچ میں انہوں نے کوشش کی تھی لیکن کامیاب نہیں ہوسکے تھے ۔ کل کے میچ میں صرف ڈوین براوو کامیاب بولر تھے جنہوں نے 25 رنوں کے عوض تین وکٹس لئے تھے جبکہ اس کے دوسرے بولرس کوئی خاص مظاہرہ نہیں کرسکے تھے ۔