پونے۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آخری لمحات میں آئی پی ایل کے دوسرے مرحلے پلے آفس میں رسائی حاصل کرنے والی راجستھان رائلز کی ٹیم کل یہاں ایلیمینیٹر کے پہلے مقابلے میں بیٹنگ کیلئے طاقتور تصور کی جانے والی ٹیم رائل چیلنجرس بنگلور کا سامنا کرے گی۔ اسٹیو اسمتھ کی زیرقیادت ٹیم راجستھان رائلز نے ٹورنمنٹ کے اختتامی مرحلے میں اپنا رِدھم حاصل کرلیا ہے جیسا کہ اس نے گروپ مرحلے کے آخری مرحلے میں سنسنی خیز کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹیموں کے جدول میں چوتھا مقام حاصل کیا ہے۔ آسٹریلیائی اوپنر شین واٹسن نے قیادت اپنے ساتھی کھلاڑی کے حوالے کرتے ہوئے ایونٹ کے آخری گروپ مقابلے میں دفاعی چمپین کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف ناقابل تسخیر 104 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔ اوپنر اجنکیا راہنے بھی غیرمعمولی فام میں موجود ہیں جنہوں نے 13مقابلوں میں 498 رنز اسکور کرلئے ہیں اور اُمید ہے کہ وہ ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ رنز بناتے ہوئے آرینج کیپ حاصل کرلیں گے جو فی الحال سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر کے سَر ہے جنہوں نے 14 مقابلوں میں 562 رنز اسکور تو کرلئے ہیں لیکن ان کی ٹیم ٹورنمنٹ کے قطعی چار مقامات میں اپنی جگہ نہیں بنا پائی ہے۔ آسٹریلیا کے آل راؤنڈر جیمس فاکنر نے جہاں ٹیم میں آل راؤنڈر کا بہتر کردار نبھایا ہے وہیں جنوبی آفریقی میڈیم فاسٹ بولر کرس مورس نے بھی بولنگ شعبہ کی بہترین قیادت کی ہے۔ بیرونی کھلاڑیوں کے شاندار مظاہروں کے علاوہ مقامی کھلاڑیوں میں سنجو سامسن، کرون نیّر اور دھون کلکرنی نے بھی اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔ دوسری جانب رائل چیلنجرس بنگلور جس نے راجستھان کے مماثل بھی نشانات حاصل کرتے ہوئے بہتر رن ریٹ کی وجہ سے جدول میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے
اور ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت یہ ٹیم اہم موقع پر بہترین مظاہرے کئے ہیں۔ 10 مئی کو ممبئی انڈینس کے خلاف بنگلور نے ایک شاندار کامیابی اہم موقع پر حاصل کی جس میں اے بی ڈی ویلیرس کی ناقابل تسخیر 133 رنز کی اننگز نمایاں رہی۔ جارحانہ اوپنر کرس گیل نے بھی رواں سیزن سنچری اسکور کرتے ہوئے اپنی اہمیت کو پھر ایک مرتبہ ثابت کیا ہے۔ گیل، کوہلی اور ڈی ویلیرس ٹورنمنٹ کے اولین 10 بیٹسمنوں میں شامل ہیں تو دوسری جانب بولنگ شعبہ میں میچل اسٹارک، ڈیوڈ ویسی اور یوزویندرا چہل بولنگ شعبہ کے سرفہرست 10 بولروں میں شامل ہیں۔ دونوں ٹیمیں اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ مکمل ٹورنمنٹ کے مظاہرے کے برعکس اس مقابلے میں ایک شکست انہیں ٹورنمنٹ سے باہر کرسکتی ہے۔ واضح رہے کہ راجستھان رائلس ٹورنمنٹ کا افتتاحی خطاب حاصل کرچکی ہے جبکہ بنگلور کو انیل کمبلے کی قیادت میں فائنل کھیلنے کے باوجود خطاب ہنوز حاصل نہ ہوسکا۔