رئیل میڈرڈ کو پہلی کامیابی،بارسلونا بھی کامیاب

میڈرڈ۔5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) رئیل میڈرڈ نے مسلسل 5 ناکامیوں کے بعد پہلا میچ جیت لیا اور اسپینش لیگ کے مقابلے کے دوران ویلاڈولڈ کو0-2 سے شکست دے دی۔ چیمپیئنز لیگ کے فاتح کلب کو اپنے سوپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی عدم موجودگی میں مشکلات کا سامنا ہے اور گزشتہ5 میچوں میں مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسری جانب اس کے روایتی حریف کلب بارسلونا نے فتوحات کا سلسلہ آگے بڑھاتے ہوئے ریور ویلیسانو کے خلاف 2-3 سے کامیابی حاصل کی۔ میچ برابری پر ختم ہونے والا تھا تاہم لوئس سواریز نے اسے اپنے خوبصورت گول کے ذریعے فیصلہ کن بنا دیا۔ ویلا ڈوڈ جیسے غیر معروف کلب کے خلاف بھی رئیل میڈرڈ کی کارکردگی زیادہ اچھی نہیں تھی اور دونوں گول میچ کے آخری منٹوں کے دوران بنے۔83 ویں منٹ میں ونسیوس جونیئر نے ٹیم کو برتری دلائی جسے کپتان سرگیو راموس نے 88 منٹ میں پنالٹی کک کی مدد سے دگنا کردیا۔ بارسلونا کو بھی نسبتاًکمزور حریف کے خلاف مشکلات کا سامنا رہا۔ میچ 2-2گول سے برابر ہو چکا تھا اور محسوس ہو رہا تھا کہ بارسلونا کو ایک ہی پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑے گا تاہم لوئس سواریز ایک مرتبہ پھر ٹیم کی مدد کو میچ کے آخری منٹوں میںگول کرتے ہوئے فتح کے ساتھ 3 قیمتی نشانات بھی حاصل کرلئے۔ یہ سواریز کا اس میچ میں دوسرا گول تھا۔