ماسکو۔ 4اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) چمپیئنز لیگ کے موجودہ چیمپیئن ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کو اس سیزن میں مسلسل تیسرے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اسے روسی کلب سی ایس کے ماسکو نے 0-1 سے شکست دیدی۔ اپنے سوپر اسٹارکرسٹیانو رونالڈو کے جانے کے بعد سے ٹیم ابھی تک سنبھل نہیں پائی اور اس سیزن میں اسے ابھی تک تینوں میچوں میں کوئی گول کرنے کا مو قع بھی نہیں مل سکا۔ اس ناکامی نے رئیل میڈرڈ کے کوچ اور مینجر کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا اور رونالڈو کے متبادل کی تلاش کا مطالبہ مزید زور پکڑ گیا ہے۔ میزبان روسی کلب کی جانب سے انگلش کلب ایورٹن سے ادھار لئے گئے کھلاڑی نکولا ولاسچ نے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول اسکور کیا اور یہی رئیل میڈرڈ کیلئے کافی ثابت ہوا۔ میچ کے ابتدائی منٹوں میں ہونے والے اس گول کے بعد دونوں ٹیمیں کوشش کے باوجود کوئی اور گول نہ کر پائیں روسی کلب کے لئے تو دفاعی کھیل ہی بہتر ثابت ہوا لیکن رئیل میڈرڈ کی جانب جارحانہ کھیل کے باوجود اس کے کھلاڑی گیند کو جال میں پھینکنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔