رئیل اسٹیٹ تاجر کی دھوکہ دہی

جائیداد کے ہراج کی پولیس کو اجازت
حیدرآباد 8 اکٹوبر (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے اراضی پلاٹس فراہم کرنے کے بہانے دھوکہ دینے والے رئیل اسٹیٹ تاجر کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 42 سالہ کے سرینواسولا ریڈی نے ارم منزل کالونی میں سری ویراٹ مارکٹنگ کے نام پر 2009 ء میں رئیل اسٹیٹ دفتر قائم کیا تھا اور رئیل اسٹیٹ کے کاروبار میں سرمایہ کاری کے نام پر تقریباً 5 ہزار افراد سے 31 کروڑ روپئے حاصل کئے تھے۔ دھوکہ دہی کا شکار ہونے والے افراد نے سرینواسلو ریڈی کے خلاف سی سی ایس میں شکایت درج کروائی تھی جس میں پولیس نے 2012 ء میں اُسے گرفتار کیا تھا اور اُس کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی گئی تھی۔ ملزم کو قصوروار پائے جانے پر 6 ماہ کی سزا بھی ہوئی تھی۔ پولیس نے عدالت سے دھوکہ باز کی جائیدادوں کے ہراج کی اجازت حاصل کرلی ہے اور متاثرہ افراد سے اپیل کی ہے کہ سرمایہ کاری کے اصل دستاویزات کے ساتھ سی سی ایس حکام سے رجوع ہوں۔