رئیل اسٹیٹ تاجر کی خودکشی

حیدرآباد /4 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) وینچر میں ناکامی اور مکان کی ضبطی سے دلبرداشتہ ایک رئیل اسٹیٹ تاجر نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ ایل بی نگر پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 42 سالہ وی ایس پربھو نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پربھو بھوانی نگر دلسکھ نگر کا ساکن تھا اور پیشہ سے رئیل اسٹیٹ تاجر تھا ۔ کتہ گڈیم حیات نگر کے علاقہ میں اس نے ایک وینچر قائم کیا تھا جو ناکام ہوگیا تھا اور اس وینچر میں پلاٹس فروخت نہیں ہو رہے تھے ۔ اس کاروبار میں اس کے دو ساتھی بھی ہیں ارون اور گنیش اور پربھو 60 فیصد کا حصہ دار تھا ۔ اس نے کاروبار میں وینچر کیلئے 60 لاکھ روپئے سرمایہ داری کی تھی اور یہ رقم اپنے مکان کو بنک میں بطور ضمانت رکھتے ہوئے حاصل کی تھی ۔ پولیس کے مطابق ہر ماہ اسے بینک قرض کے عوض 90 ہزار ادا کرنا تھا جو کافی مہینوں سے وہ ادا نہیں کر رہا تھا اور صرف دو ماہ کی مہلت رہ گئی تھی ۔ دو ماہ اگر اس نے اقساط ادا نہیں کئے تو مکان ضبط کرنے کا اسے خطرہ تھا ۔ مکان کی ضبطی کا خوف اور کاروبار میں نقصان سے وی ایس پربھو دلبرداشتہ ہوگیا تھا جس نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔پولیس ایل بی نگر مصروف تحقیقات ہے ۔