رئیل اسٹیٹ بل راجیہ سبھا پیانل سے رجوع

نئی دہلی 5 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) متنازعہ رئیل اسٹیٹ بل کو آج راجیہ سبھا کی سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کردیا جائے گا جہاں حکومت اس موقف میں نہیں ہے کہ وہ بل کو منظور کراسکے کیونکہ راجیہ سبھا میں حکمراں اتحاد کے ارکان کی تعداد کم ہے۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو کل اس ضمن میں تحریک پیش کریں گے۔ 21 رکنی سلیکٹ کمیٹی سے کہا جائے گا کہ وہ آئندہ سیشن کے پہلے ہفتہ میں اپنی رپورٹ راجیہ سبھا کو پیش کردے۔ قبل ازیں اپوزیشن جماعتوں نے متحد ہوکر مطالبہ کیا کہ اس بل کو پارلیمنٹ کی سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کیا جانا چاہئے ۔ راجیہ سبھا میں حکومت اقلیت میں ہے ۔ ایوان کے ایجنڈہ میں رئیل اسٹیٹ ( ترمیمی بل ) پر مباحث اور اس کی منظوری شامل تھی تاہم اپوزیشن ارکان نے اس پر اعتراض کیا اور کہا کہ ہاوزنگ اور انسداد غربت کے وزیر وینکیا نائیڈو نے ایوان کو تیقن دیا تھا کہ یہ بل مختلف جماعتوں سے مشاورت کے بعد ہی پیش کا جائیگا ۔ سماجودای پارٹی کے رکن نریش اگروال نے یہ مسئلہ اٹھایا اور قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے ان کا ساتھ دیا ۔ دونوں نے مطالبہ کیا کہ اس بل کو پارلیمنٹ کی سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کیا جائے ۔ ترنمول کانگریس کے ڈیرک او برائین نے بھی اس مطالبہ کی تائید کی ۔ ایوان کے موڈ کو محسوس کرتے ہوئے حکومت نے کہا کہ حالانکہ اس بل کو ایجنڈہ میں شامل کیا گیا تھا لیکن وہ اس پر مباحث کیلئے مصر نہیں ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ انہوں نے ایوان کو مطلع کیا تھا کہ وہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بغیر بل پیش نہیں کرینگے ۔