ذیابیطس کے مریضوں کے لئے اسکریننگ‘ محفوظ روزے کے نسخے بتانے کے انتظامات

دوحہ۔ 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) المیرا کنزیومر گوڈس کمپنی کے ساتھ مسلسل دوسرے سال اشتراک و تعاون کرتے ہوئے ذیابیطس کے مریضوں کی اسکریننگ کی جارہی ہے اور انہیں صحت مند طرز زندگی کے علاوہ ماہ رمضان میں روزوں کے دوران احتیاطی تدابیر کے مشورے دیئے جارہے ہیں۔ المیرا کے اسٹورس ایئرپورٹس، منصورہ اور مریخ میں اسکریننگ کی جارہی ہے جہاں ماہ رمضان میں خریداروں کا ہجوم ہوا کرتا ہے۔ ان بوتھس میں ہر جمعرات، ہفتہ، اتوار اور پیر کو ڈاکٹرس اور نرسیس ذیابیطس کے مریضوں کو مشورے دے رہے ہیں۔ اوقات جمعرات کے دن 4 تا 6 بجے شام اور باقی دنوں میں 2 تا 6 بجے شام ہیں۔ پروگرام کے مینجر ہرلوف نیس تھامسن نے کہا کہ رمضان کے دوران ذیابیطس کے مریضوں کو اپنے کھانے کے اوقات تبدیل کرنے ہوں گے اور پیچیدگیوں سے بچنے کے لئے متوازن غذا استعمال کرنی ہوگی۔ زمرہ دوم کے ذیابیطس کے مریضوں کو صحت مند رہنے کے لئے مناسب صحت بخش غذا استعمال کرنی ہوگی۔ ذیابیطس کے مریضوں کے لئے یہ کارروائی کئی نامور تنظیموں بشمول حمد میڈیکل کارپوریشن، پرائمری ہیلتھ کارپوریشن اور قطر ذیابیطس اسوسی ایشن کے اشتراک و تعاون سے چلایا جارہا ہے۔