ذکر قلبی، روح کی پاکی اور جہنم کی ہولناکی سے حفاظت کا اہم ذریعہ

نمازوں کی پابندی کرنے اور علماء اور والدین کا احترام کرنے کی تلقین، بگدل میں جلسہ، ڈاکٹر شاہ محمد ادریس احمد قادری اور دیگر کا خطاب
بیدر۔29؍جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)اگر انسان اپنی زندگی کو دنیاوی چیزوں سے دو رکھناچاہتا ہے تو وہ فوری طورپر فنا و بقا کا راستہ اختیار کرے اور وہ راستہ صرف ایک کامل مُرشد و ممتاز عالم دین ہی بتاسکتے ہیں۔اگر انسان کامل مُرشد سے نسبت کا پیالہ پی لیتا ہے تو اُس کے دل سے کینہ و بغض دور ہوجاتا ہے ۔اور اس کا قلب و روح پاک ہوجاتی ہے ۔اور انسان کی آنکھ میں جو دنیا کا پردہ پڑا ہے جس سے وہ آخرت دنیا کیلئے اندھا ہے اس کی آنکھ سے دنیا کا پردہ بھی مرشد کی صعوبت سے چلا جاتا ہے۔ذکر قلبی سے انسانی کی روح پاک ہوتی ہے اور جہنم کی ہولناکی سے محفوظ ہوتا ہے۔ان خیالات کا اِظہار ممتاز پیرانِ طریقت ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری بگدلی سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف میں منعقدہ سالانہ نیازشریف حضرت پیرانِ پیرؒو مرکزی جلسہ جشن فیضان ِ غوث الاعظم دستگیرؒ کو مُخاطب کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے مریدین و معتقدین مرد و خواتین کے علیحدہ علیحدہ جلسوں کو مُخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا کی محبت لبریز ہے لیکن دنیا کی آس انسان کی زندگی کو دنیا میں جنت کی طرح دکھائی دیتی مگر اُس کی آخرت انتہائی درد ناک ہوگی ۔وہ جہنم کے عذاب میں جلے گا۔آج ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے معاشرہ میں کتنی برائیاں پروان چڑھ رہی ہیں ۔بھائی بھائی کا دشمن ‘عورت کے چہرے پردہ کا دور ہوجانا یہ سب اعمال دنیا کی محبت سے ان کی آنکھوں میں اندھیرے کا پردہ پڑ گیا ہے ابھی وقت ہے کہ جلد سے جلد کسی کامل پیر سے اپنے آپ کو رجوع کرتے ہوئے اپنے قلب کی صفائی کرلیں اور روح کو پاک کرلیں ۔ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری بگدلی نے کہا کہ انسان کے تمام اعضا میں زبان ایک ایسی چیز ہے جس کا وار تلوار سے زیادہ تیز ہوتا ہے ‘اگر نرم گو رہے تو شیرین بیان ہوگا ۔اسی لئے اللہ نے زبان میں ہڈی نہیں رکھی۔اپنی زبان کو ہمیشہ قابو میں رکھو ‘میٹھی زبان سے انسان اپنا دوست بنالیتا ہے‘ سخت اوکڑوی زبان سے وہ اپنے دشمن بنالیتا ہے۔اور اللہ بندے کو وسیلے اور اس کی نیت کو دیکھ کر ہی نوازتا ہے ‘اللہ کا ذکر کرنے سے بندے کی زبان نہایت ہی پتلی یعنی لطیف ہوجاتی ہے اور اس زبان سے نکلنے والی ہر طلب کو اللہ اپنے خزانے سے بے شمار نعمتوں سے نوازتا ہے ۔انھوں نے سلسلہ طریقت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شریعت کے بغیر طریقت ‘حقیقت‘ معرفت کے منازل طے کرنا بندے کیلئے محال ہے ۔پانچوں وقت نمازوں کی پابندی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پیر اور علماء دین و اپنے ماں باپ کی تعظیم و احترام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے بے شمار اولیائے اللہ کے واقعات اور کرامات پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔قبل ازیں مرد و خواتین کی الگ الگ نشستوں میں حلقہ درس و تصوف دیا ۔نبیرہ حضرت غوث پاک ؒصاحبزادہ پیر الشیخ السید ہاشم الدین گیلانی قادری بغدادی سجادہ نشین نے گیارہویں شریف کے موقع پر عمامہ شریف حضور سیدنا غوث الاعظم دستگیر ؒ جو آپ ؒ پہنا کرتے اور غلاف مبارک بطور تحفہ آستانہ قادریہ کیلئے عطا کیا ہے ۔ان آثارِمبارک ِمطہر ہ کی مریدین و معتقدین کو ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری کی نگرانی میں زیارت بصد عقیدت و احترام کروائی گئی۔انھوں نے اس موقع پر مسرت کا اِظہار کرتے ہوئے اپنے مریدین و معتقدین کو بتایا کہ نبیرہ حضرت غوث پاک ؒصاحبزادہ پیر الشیخ السید ہاشم الدین گیلانی قادری بغدادی سجادہ نشین روضہ مبارک پیرانِ پیرؒ بغداد شریف نے 27؍مارچ کو آستانہ دقادریہ میں سالانہ صندل شریف کے جلسے میں شرکت سے اتفاق کرلیا ہے ۔مولانا عبدالحمید رحمانی چشتی صدر کُل ہند مرکزی تنظیم اصلاحِ معاشرہ کمیٹی حیدرآباد نے بھی صحابہ کرام اور اولیائے اللہ کے حالات پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔