اسلام آباد۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسلام آباد ہائی کورٹ میں ذکا اشرف کی برطرفی کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل منظور کر لی گئی ہے جس کے بعد وہ بطور صدرنشین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کے عہدہ پر بحال ہو گئے ہیں۔انھیں کام سے روکنے کا حکم جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بینچ نے مئی 2013 ء میں جاری کیا تھا۔ذکا اشرف نے ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی تھی۔ذکا اشرف کے وکیل کے مطابق اپیل میں کہا گیا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف ان کے تحفظات کو سامنے رکھتے ہوئے اسے منظور کیا جائے۔اس انٹرا کورٹ اپیل کی منظوری کے بعد ذکا اشرف چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر بحال ہو گئے ہیں۔
انجو کو گولڈ میڈل ملنے پر اشون نچپا کا اظہار ِمسرت
ممبئی۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق ہندوستانی اتھیلیٹ اشون نچپا نے لمبی چھلانگ کی اتھیلیٹ انجو بابی جارج کو 8 سال کے طویل وقفے کے بعد گولڈ میڈل ملنے پر مسرت کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ملک کو ان کی کامیابی پر فخر ہے، حالانکہ انہیں یہ اعزاز طویل وقفے کے بعد حاصل ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس وقت انجو بابی جارج نے یہ میڈل جیتا تھا تو ہم نے اس لمحہ کا لطف اٹھایا تھا اور ہمیں خوشی ہے کہ انہیں کلین چٹ ملی اور جنہوں نے دھوکہ دہی کی ، انہیں پکڑ لیا گیا۔ انجو 2005ء موناکو ورلڈ اتھیلیٹس فائنل میں دوسرے مقام پر رہی تھی، لیکن روس کی تاتیانو کے ڈوپنگ ٹسٹ میں پکڑے جانے کی وجہ سے ان سے گولڈ میڈل چھین لیا گیااور ان کی جگہ انجو بابی جارج کو اس کا مستحق قرار دیا گیا۔