ذمہ داریوں میں الجھ کر اپنی ذات کو فراموش نہ کریں

خاتون خانہ کی ذمہ داریاں کبھی ختم نہیں ہوتیں ۔ ایک کام کے بعد دوسرا کام اور ایک مرحلے کے بعد دوسرا مرحلہ اس کی توجہ کا متقاضی ہوتا ہے ۔ اور اسی بھاگ دوڑ میں بالآخر دن تمام ہوجاتا ہے ۔
لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اگر دن ختم ہوگیا تو ہاؤس وائف کی ڈیوٹی ختم ہوگئی ۔ کیونکہ وہ تو چوبیس گھنٹے کی ڈیوٹی پر رہتی ہے ۔ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اسے ہر دم چوکس بھی رہنا پڑتا ہے کہ کہیں کوئی بات کوئی کام اس کی نظروں سے اوجھل نہ رہ جائے اور پھر اس کے نتیجہ میں کسی کو تکلیف اٹھانی پڑے ۔ یہی وجہ ہے کہ جب موسم بدلتا ہے تب بھی اس کی ذمہ داریاں سوا ہوجاتی ہیں ۔ جیسے کہ ان دنوں موسم سرما ہے لہذا آپ بھی موسم کے لحاظ سے گھر کی سیٹنگ میں تبدیلی کرلیں ۔ سردیوں کے ملبوسات نکال کر انہیں دھوپ لگالیں اور موسم سرما میں آنے والی طرح طرح کی خوش رنگ سبزیوں کی لسٹ بناکر انہیں خریدلائیں تاکہ ان سے مزے مزے کے سوپ اور دوسری ڈشز بناکر گھر والوں کو کھلاسکیں۔ لیکن ان باتوں کے علاوہ کچھ معاملات اور بھی ہیں جو آپ کی توجہ کے متقاضی ہیں ۔ لیکن سب سے اہم بات یہ کہ ان سب کاموں میں الجھ کر اپنی ذات کو فراموش نہ کریں بلکہ اپنا خیال بھی اسی طرح رکھیں جس طرح دوسروں کا رکھتی ہیں ۔