کریم نگر۔ /27مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر لوئیر مانیر ڈیم ( ایل ایم ڈی ) ذخیرہ آب میں چھ بچوں کے غرق ہوجانے پر چیف منسٹر کے سی آر نے اس طرح کے واقعات کے انسداد کیلئے سخت اقدامات کرنے پولیس کو مشورہ دیا تھا۔ اس سلسلہ میں ضلع ایس پی شیوا کمار نے یہاں احتیاطی اقدامات کرنے کا جائزہ لیا۔ ایس پی شیوا کمار نے ایل ایم ڈی کے پاس مسلسل نگرانی رکھنے ایک چیک پوسٹ کے قیام کا فیصلہ کیا۔ یہاں ایک سب انسپکٹر و دیگر دو ماتحت پولیس جوان دستیاب رہیں گے، موٹر سیکل کے ذریعہ پٹرولنگ کی جائے گی۔ ضلع ایس پی نے اس بات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ جہاں ڈیم میں گہرائی زیادہ ہے وہاں انتباہ بورڈس آویزاں کئے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں محکمہ آبپاشی سے مدد لی جائے گی۔