بنگلورو 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں واحد بہوجن سماج پارٹی وزیر این مہیش نے آج برسر اقتدار اتحاد کے پارٹنرس کانگریس اور جے ڈی ایس پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ اُن کا وجود ذات پات کے سسٹم اور عدم مساوات پر مبنی ہے۔ مہیش کے پاس ابتدائی اور ثانوی تعلیم کا قلمدان ہے۔ اُنھوں نے کانگریس اور جے ڈی ایس کے ساتھ بی جے پی کو بھی ملک میں معاشی اور سماجی عدم مساوات کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا اور بی ایس پی کو مظلوم طبقات کے کاز کے لئے چمپئن قرار دیا۔ ’’میں یہ کھلے طور پر کہہ رہا ہوں، چاہے کانگریس ہو یا بی جے پی یا جنتادل، اُن کے ورکرس اُس نظریہ کو نہیں سمجھیں گے جس کی میں بات کررہا ہوں‘‘۔ مہیش نے کہاکہ انھیں اِس کی ضرورت ہی نہیں کیوں کہ جب تک ذات پات کا نظام اور عدم مساوات موجود رہیں، کانگریس، بی جے پی اور جنتادل کی بقاء جاری رہے گی۔ چامراج نگر میں بی ایس پی کے ایک ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے مہیش نے کہاکہ جس دن کاسٹ سسٹم اور عدم مساوات کا خاتمہ ہوجائے، اُس روز بہوجن سماج پارٹی برسر اقتدار آجائے گی، جو بساونا (بارہویں کا سماجی مصلح) کی پارٹی ہے۔